امن کا نوبیل انعام جیتنے والی وینزویلین سیاستدان ایک سال روپوشی کے بعد منظر عام پر آگئیں

ماچادو طویل عرصے سے وینزویلا میں زیرِ زمین زندگی گزار رہی تھیں


ویب ڈیسک December 11, 2025

 

نوبیل امن انعام یافتہ وینزویلا کی حزبِ مخالف کی معروف رہنما ماریا کورینا ماچادو تقریباً ایک سال بعد پہلی بار منظرِ عام پر آگئی ہیں۔

ماچادو طویل عرصے سے وینزویلا میں زیرِ زمین زندگی گزار رہی تھیں، تاہم اوسلو پہنچنے کے بعد انہوں نے اپنے ہوٹل کی بالکونی سے ہزاروں حامیوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ حامی آزادی کے نعرے لگاتے رہے جبکہ ماچادو ہاتھ ہلا کر جواب دیتی رہیں۔

ماریا کورینا ماچادو نے اس سال کا نوبیل امن انعام وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے آمرانہ طرزِ حکمرانی اور اُن کی مبینہ انسانی حقوق کی پامالیوں کے خلاف کھڑے ہونے پر جیتا تھا۔ وہ بدھ کو ہونے والی مرکزی تقریب میں شرکت نہ کر سکیں اور ان کی بیٹی آنا کورینا سوسا ماچادو نے ان کی جانب سے یہ اعزاز وصول کیا۔

نوبیل کمیٹی کے چیئرمین یورگن واٹنے فریدنیس کے مطابق ماچادو رات گئے اوسلو پہنچیں اور سب سے پہلے اپنے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ بعد ازاں ہوٹل کی بالکونی پر آکر انہوں نے اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا۔

ماریا کورینا ماچادو آخری مرتبہ 9 جنوری کو عوامی طور پر دیکھی گئی تھیں، جب انہوں نے مادورو کی تیسری بار صدارت سنبھالنے کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ وینزویلا حکومت نے انہیں ملک چھوڑنے کی صورت میں "مفرور" قرار دینے کی دھمکی دی تھی، اس لیے ان کی پرواز اور روانگی انتہائی خفیہ رکھی گئی۔

ناروے کی اوسلو یونیورسٹی کی لاطینی امریکا ماہر پروفیسر بینیڈکٹے بُل کے مطابق ماچادو کی وطن واپسی پر انہیں گرفتار کیے جانے کا امکان موجود ہے۔ تاہم ان کے مطابق حکومت اب تک ماچادو کے معاملے میں نسبتاً محتاط رویہ اپناتی رہی ہے، کیونکہ ان کی گرفتاری سے عالمی سطح پر شدید سیاسی ردعمل پیدا ہوسکتا ہے۔

مقبول خبریں