چنئی ٹیسٹ؛ معین علی بھارتی بولرز کے اعصاب پر سوارہوگئے

اے ایف پی/ویب ڈیسک  جمعـء 16 دسمبر 2016
جوئے روٹ 88 اور جونی بیئراسٹو49رنزاسکورکر کے میدان بدرہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی

جوئے روٹ 88 اور جونی بیئراسٹو49رنزاسکورکر کے میدان بدرہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی

چنئی: چنئی ٹیسٹ میں معین علی بھارتی بولرز کے اعصاب پر سوار ہوگئے،ان کی ناقابل شکست سنچری سے تقویت پاکر انگلینڈ نے ابتدائی دن 4 وکٹ پر 284رنز بنالیے، جوئے روٹ 88 اور جونی بیئراسٹو49رنزاسکورکر کے میدان بدرہوئے۔

تفصیلات کے مطابق ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم پر انگلش ٹیم نے ٹاس کا سکہ اپنے حق میں گرنے کے بعد بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پہلے گھنٹے میں بھارتی بولرزچھائے رہے جنھوں نے دونوں اوپنرز کو پویلین چلتا کیا، الیسٹرکک نے میچ کی پہلی گیند پر 2 رنزبناکر11ہزارکا سنگ میل مکمل کیا، جنوبی افریقی نژاد کیٹون جیننگز 1 رن بناکر 7 کے ٹوٹل پر ایشانت شرما کی گیند پر وکٹ کیپرپارتھیو پٹیل کے ہاتھوں جکڑے گئے، الیسٹرکک 10 کے انفرادی اسکور پر سلپ میں بھارتی کپتان کوہلی کا کیچ بن گئے، کامیاب بولر جڈیجا رہے،اس کے بعد معین علی بھارتی بولرزکے اعصاب پرسوارہوگئے، باریش بیٹسمین نے 222 گیندوں پر 120رنز ناٹ آﺅٹ بنالیے، وہ اب تک 12بارگیندکوباﺅنڈری لائن کے پار بھی پہنچانے میں کامیاب رہے ہیں،

یہ سیریز میں ان کی دوسری سنچری ثابت ہوئی، جوئے روٹ (88) کے ہمراہ انہوں نے تیسری وکٹ کیلیے146کی شراکت قائم کرکے ابتدائی نقصانات کا ازالہ کیا، روٹ کو ابتدا میں آن فیلڈ امپائر نے کیچ کی اپیل پر ناٹ آﺅٹ قراردیا تھا لیکن بھارتی کپتان کوہلی نے ریویو پر فیصلہ اپنے حق میں تبدیل کرالیا، سنےکومیٹر پرگیند بیٹ کو چھوکر وکٹ کیپر کے گلووز تک جانے کی تصدیق ہوگئی، روٹ ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد جونی بیئراسٹو اورمعین میں چوتھی وکٹ کے لیے86 رنزکی شراکت ہوئی، اس میں بیئراسٹو کا حصہ 49 رنز رہا، دن کا اختتام ہونے پر مہمان ٹیم نے 4 وکٹ پر 284 رنزجوڑلیے، بین اسٹوکس5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، معین اور ان کے درمیان اب تک پانچویں وکٹ کیلیے 31رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ ہو چکی ہے، اسپنر رویندرا جڈیجا نے تین وکٹیں اپنے نام کیں جب کہ ایک کھلاڑی کو ایشانت نے ٹھکانے لگایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔