ہالی ووڈ اداکارہ میرل اسٹریپ بھی ڈونلڈ ٹرمپ پر برس پڑیں

تذلیل سے تذلیل اور تشدد جنم لیتا ہے اور اگر آپ کسی کی عزت نہیں کریں گے تو کوئی آپ کی بھی عزت نہیں کرے گا، میرل اسٹریپ


ویب ڈیسک January 09, 2017
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ایک معذور رپورٹر کی نقل اتاری تھی، فوٹو: اے ایف پی

ہالی ووڈ اداکارہ میرل اسٹریپ بھی امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف پھٹ پڑیں اور انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

لاس اینجلس میں دنیائے فلم کے دوسرے سب سے بڑے ایوارڈز گولڈن گلوب کی تقریب میں اداکارہ میرل اسٹریپ نے ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لیے بغیر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی ایک پرفارمنس نے ان کے دل پر بہت اثر ڈالا اور اس لئے نہیں وہ بہت اچھی تھی بلکہ بہت اس لئے کہ وہ بہت بری تھی۔ یہ پرفارمنس تھی امریکا کی سب سے طاقتور اور قابل احترام کرسی پر بیٹھنے والے شخص کی، جس نے ایک معذور رپورٹر کی نقل اتاری۔ انہوں نے ایسے شخص کی نقالی کی جو طاقت اور اثر و رسوخ میں ان سے بہت پیچھے ہے۔ کسی طاقتور کی ایسی حرکت کا معاشرے پر بہت برا اثر ہوتا ہے اور لوگوں کو کمزوروں کی بے عزتی کا حق مل جاتا ہے۔

میرل اسٹریپ کا کہنا تھا کہ تذلیل سے تذلیل اور تشدد سے تشدد جنم لیتا ہے۔ آپ کسی کی عزت نہیں کریں گے تو کوئی آپ کی بھی عزت نہیں کرے گا۔ ہالی ووڈ کی فلمی صنعت غیر ملکیوں اور باہر سے آنے والے افراد کی وجہ سے مضبوط ہے۔ اگر آپ ان سب کو باہر نکال دیں گے تو آپ کے پاس فٹ بال اور مارشل آرٹ دیکھنے کے علاوہ کچھ نہیں ہو گا اور یہ فن نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ایک معذور رپورٹر کی نقل اتاری تھی، جس پر انہیں امریکا میں ہر جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

مقبول خبریں