بس میں دھماکے کے بعد کینٹ اسٹیشن پر قائم بس اڈے ویران

مسافر انٹرسٹی بسوں میںحفاظتی انتظامات نہ ہونے سے اندرون ملک سفر سے گریز کررہے ہیں ، اڈہ ملازمین کی گفتگو.


Staff Reporter December 31, 2012
مسافروں کی آمد میں 70فیصد کمی ہوگئی ،ٹرانسپورٹرز ایڈوانس واپس نہیں کررہے ،مسافروں کی ایکسپریس سے بات چیت. فوٹو: رائٹرز

مسافر کوچ میں دھماکے کے واقعے کے بعد کینٹ اسٹیشن پر قائم انٹرسٹی بس اڈے ویران ہو گئے ہیں۔

آواز لگا کر سواریوں کو بلانے والوں کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے مسافر بس اڈوں پر نہیں آرہے ہیں ، بس دھماکے کے باعث کینٹ اسٹیشن پر خوف وہراس بدستور قائم ہے اور مسافروں کی آمد میں 50سے 70فیصد کمی واقع ہوگئی ہے، تفصیلات کے مطابق ہفتے کو کینٹ اسٹیشن کے قریب مسافر کوچ میںبم دھماکے کے بعد دوسرے روز اتوار کو کینٹ اسٹیشن کے قریب اندرون ملک جانے والے مسافر بسوں کے اڈے ویران پڑے رہے۔

بس اڈوں پر آواز لگا کر سواریوں کو اپنی جانب راغب کرنے والے ملازموں نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کینٹ اسٹیشن کے قریب قائم بس اڈوں پر حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے مسافر انٹرسٹی بسوں کے ذریعے اندرون ملک میں سفر کرنے سے گریز کر رہے ہیں ، انھوں نے بتایا کہ اتوار کو پہلی بس 6گھنٹے کی تاخیر سے اندرون ملک کیلیے روانہ ہوئی ہے جس میں مسافروں کی تعداد بہت کم تھی ، انھوں نے کہا کہ بس اڈوں پر پولیس اور رینجرز کی سیکیورٹی نہیں ہوتی ہے اور بس اڈے والے جو سیکیورٹی کے انتظامات کرتے ہیں مسافر پر اس پر عدم اطمینان کر رہے ہیں۔

09

بعض مسافروں نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ عدم تحفظ کے باعث اب وہ سفر کرنے سے گریز کررہے ہیں اور اپنی پرانی بکنگ کینسل کرانا چاہتے ہیں تاہم ٹرانسپورٹرز انھیں جمع کردہ ایڈوانس واپس کرنے کیلیے تیار نہیں، انٹر سٹی بس آپریٹر عبدالستار سرور نے بتایا کہ ملک میں امن وامان کی خراب صورتحال اور مہنگائی کے باعث انٹر سٹی بس ٹرانسپورٹرز کا کاروبار پہلے ہی سے نقصان میں جارہا تھا تاہم بس دھماکے کے باعث کاروبار پر مزید منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، انھوں نے کہا کہ بم دھماکے کے بعدمسافروں کی بکنگ میں 50تا 70فیصد کمی آئی ہے اور مسافروں میں شدید خوف وہراس ہے، انھوں نے بتایا کہ کینٹ اسٹیشن کے قریب واقع اڈوںسے لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ، راولپنڈی اور دیگر شہروں کیلیے گاڑیاں روانہ ہوتی ہیں۔

مقبول خبریں