ڈاکٹر محمد اجمل خان کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر مقرر

آج جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر سے اپنے منصب کا چارج لیں گے۔


Safdar Rizvi January 24, 2017
پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان کے400 سے زائد تحقیقی مقالے شائع ہوئے جن کا امپیکٹ فیکٹر 285 تھا۔ فوٹو : فائل

صوبے کی سرکاری جامعات کے چانسلر سیکریٹریٹ، گورنر ہاؤس نے قطر فاؤنڈیشن دوحہ کے سابق سائنسی مشیر اور قطر یونیورسٹی کے فوڈ سیکیورٹی پروگرام کے موجودہ سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان کو 4 سالہ مدت کیلیے پاکستان کی صف اول کی یونیورسٹی جامعہ کراچی کا وائس چانسلر مقررکر دیا ہے جس کا نوٹیفکیشن پیرکی صبح جاری کر دیا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان کی بحیثیت وائس چانسلر تقرری کا نوٹیفکیشن قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی کے دور میں ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب پرنسپل سیکریٹری برائے گورنر سندھ صالح محمد فاروقی بھی تعطیلات پر ہیں۔

ادھر مذکورہ سیکریٹریٹ کی جانب سے غیر اطمینان بخش جواب دیے جانے پر گورنر سیکریٹریٹ نے معاملے پر ایک بار پھر تفصیلات طلب کیں جس کا جواب ابھی آنا باقی تھا تاہم پرنسپل سیکریٹری برائے گورنرصالح محمد فاروقی کی تعطیلات ختم ہونے سے قبل گورنر ہاؤس نے قائم مقام گورنر آغا سراج درانی کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد گزشتہ صبح اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

جامعہ کراچی سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر اجمل خان1975 میں جامعہ کراچی سے وابستہ ہوئے۔ اوہائیو یونیورسٹی امریکا سے 1985 میں پی ایچ ڈی کیا اور 2011 میں جامعہ کراچی سے ڈی ایس سی کی ڈگری حاصل کی، ڈاکٹر اجمل خان نے 40 سال پر محیط تدریسی و تحقیقی کیریئر میں کئی اعزازات حاصل کیے اور مختلف بین الاقوامی جامعات میں وزیٹنگ پروفیسر کی حیثیت سے خدمات بھی انجام دیں جبکہ صدر پاکستان نے ڈاکٹر اجمل خان کو ان کی سائنسی خدمات پر 2001 میں تمغہ حسن کارکردگی اور 2007 میں ستارہ امتیاز سے نوازا۔

اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے 2005 میں ڈاکٹر اجمل خان کو ''ڈسٹینگوشڈ نیشنل پروفیسر'' کے اعزاز سے بھی نوازا، 2012 میں وہ جامعہ کراچی سے بحیثیت میریٹوریس پروفیسر رٹائر ہوئے اور بعد ازاں قطر یونیورسٹی کے فوڈ سیکیورٹی پروگرام کے چیئر تعینات ہوئے، وہ ایچ ای سی اور جامعہ کراچی کے تعاون سے انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائزیشن کے بانی ڈائریکٹر مقرر ہوئے اور 2009 سے انسٹی ٹیوٹ کی یونیسکوچیئر کے سربراہ بھی رہے۔

ڈاکٹر اجمل خان کنگ سعود یونیورسٹی سعودی عرب کے ساتھ بھی منسلک رہے اور قطر فاؤنڈیشن دوحہ میں سائنسی مشیر بھی رہ چکے ہیں، ڈاکٹر اجمل خان نے قطر یونیورسٹی میں سینٹر برائے سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا جہاں وہ تاحال فوڈ سیکیورٹی پروگرام کی سربراہی کر رہے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان کے400 سے زائد تحقیقی مقالے شائع ہوئے جن کا امپیکٹ فیکٹر 285 تھا، انھوں نے 14 کتابوں کی ادارت کی، ورلڈ اکیڈمی آف سائنس نے 2004 میں انھیں اپنا فیلو مقررکیا جبکہ اسلامک اکیڈمی آف سائنس کے بھی فیلو ہیں، ڈاکٹر اجمل خان کی تحقیق سے معروف محققین اور سائنسدان ''سائٹیشن'' لیتے ہیں، دریں اثنا شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے ڈاکٹر اجمل خان کو جامعہ کراچی کا وائس چانسلر مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور ان کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ ان کی تقرری کی سمری گورنر ہاؤس نے مرحوم گورنر سندھ جسٹس (ر) سعیدالزماں صدیقی کے دور میں اس وقت روک لی تھی جب ان کی تعیناتی کے سلسلے میں ''تلاش کمیٹی'' کے ایک رکن سابق چیف سیکریٹری سندھ فضل الرحمن کے دیے گئے مارکس کو سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نوید شیخ کی جانب سے سمری کا حصہ نہ بنائے جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا جس بنیاد پر میرٹ تبدیل ہو گیا اور گورنر ہاؤس نے اس معاملے پر باقاعدہ سیکریٹری برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز سے رائے طلب کی۔

مقبول خبریں