ای سی سی 11 اشیا پر سبسڈی کیلیے فنڈز کی منظوری موخر

بجلی کے شعبے کیلیے مالیاتی سہولت کی گارنٹی منظور، سیکریٹری پانی وبجلی کی بریفنگ


Numainda Express February 14, 2017
ترقیاتی اقدامات مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنیکی ہدایت۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

KARACHI: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ملک میںیوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو11 اشیائے ضرورت کی رعایتی قیمتیں برقرار رکھنے کیلیے ایک ارب 3کروڑ 52 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے فنڈز جاری کرنے کی سمری کی منظوری موخر کردی ہے جبکہ بجلی کی مدمیں نقصانات پر قابو پانے اور لوڈ شیڈنگ میں کمی لانے سے متعلق وزارت پانی و بجلی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دیگر ترقیاتی و اصلاحاتی اقدامات مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔

اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کی سمری پر بجلی کے شعبے کیلیے مالیاتی سہولت کیلیے گارنٹی جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ پیر کو ای سی سی کااجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوا۔ سیکریٹری پانی و بجلی نے 2014 سے 2016 تک بجلی کے شعبہ کی کارکردگی کے بارے میں اجلاس کو پریزنٹیشن دی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ 2013 میں شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ 12سے 14گھنٹے ہو رہی تھی اور دسمبر 2016 کم ہو کر 4 گھنٹے تک آ گئی جبکہ صنعتی شعبے کیلیے لوڈ شیڈنگ زیرو کر دی گئی۔ سیکریٹری پانی و بجلی نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کیلیے کوششیں جاری ہیں۔

دوسری جانب ای سی سی نے وزارت پانی و بجلی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ دیگر ترقیاتی و اصلاحاتی اقدامات مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ اجلاس میں مٹیاری تا لاہور ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن کیلیے منافع پر ود ہولڈنگ ٹیکس سے متعلق تجویز بین الوزارتی مباحثے کیلیے موخر کر دی گئی۔

مقبول خبریں