بدعنوانی ثابت ہو جانے پر سرکاری و عوامی عہدیدار تا حیات نا اہل ہوں گے پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق

قومی احتساب کمیشن کے قانون میں رقوم کی رضاکارانہ واپسی کی سہولت برقرار، ریکوری نہ ہونے پر14سال قیدکی سزا ہوگی


Numainda Express March 07, 2017
کرپشن کی تشریح، بدعنوانی سے لوٹی گئی رقوم کی رضاکارانہ واپسی اور نااہلیت سے متعلق شقوں پر تمام جماعتوں میں اتفاق رائے ہوگیا ہے، زاہد حامد۔ فوٹو: فائل

HYDERABAD: پارلیمانی کمیٹی احتساب قوانین کے اجلاس میں سیاسی جماعتوں نے بدعنوانی کے مقدمات میں ملوث مجرمان کی تاحیات نااہلی پر اتفاق کرلیا تاہم کرپشن کے ذریعے لوٹی گئی رقوم کی رضاکارانہ واپسی کی شق کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا، رقوم کی ریکوری نہ ہونے پر ملزمان کو14سال قیدکی سزا دی جاسکے گی۔

پیر کے روز پارلیمانی کمیٹی برائے احتساب قوانین کاان کیمرا اجلاس چیئرمین کمیٹی وزیر قانون زاہد حامدکی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں قومی احتساب کمیشن کے حوالے سے قانون کی شقوں پر غورکیا گیا جن میں سے 21 شقوں کی خواندگی مکمل کرلی گئی۔احتساب کمیٹی نے باقاعدہ طور پر بل کی منظوری کا کام شروع کردیا۔ اجلاس میں بعض اہم شقوں کی توثیق کردی گئی، حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے بلوں کے مسودوں کے جائزہ کے بعد ان میں دی گئی سفارشات کو بل میں شامل کرنے کے عمل کا آغازکردیا گیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد نے کہا کہ کرپشن کی تشریح، بدعنوانی سے لوٹی گئی رقوم کی رضاکارانہ واپسی اور نااہلیت سے متعلق شقوں پر تمام جماعتوں میں اتفاق رائے ہوگیا ہے، ان کا کہنا تھا قانون کے مطابق بدعنوانی ثابت ہوجانے پر سرکاری و عوامی عہدیدار دونوں تاحیات نااہل ہوجائیں گے۔

زاہد حامد کا کہنا تھاکہ رضاکارانہ واپسی کی سہولت کوبرقرار رکھا گیا اور اگر کوئی رقم ریکور نہیں ہوتی تو اس صورت میں 14سال قید کی سزا دی جا سکے گی اور اگر رقم بعد میں وصول کرلی جاتی ہے توسزا کو کم کر کے 7 سال تک کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کو پاکستان تحریک انصاف کا بھی تعاون حاصل ہے کیونکہ وہ بھی ان شقوں سے متفق ہیں۔

یادرہے کہ احتساب کمیٹی میں دونوں ایوانوں میں موجود پارلیمانی جماعتوں کی نمائندگی شامل ہے، اجلاس میں پیپلز پارٹی کے نوید قمر، تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی، جماعت اسلامی کے رہنما صاحبزادہ طارق اللہ ،جے یو آئی (ف )کی نعیمہ کشور، ایم کیو ایم کے ایس اقبال قادری اوردیگر ارکان نے شرکت کی۔

مقبول خبریں