نوشہروفیروز میں محلے دار نے 14 سالہ لڑکی کو زندہ جلا دیا

بچوں کی معمولی بات پر مجاہد شیخ نے صائمہ تنیو پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی


Numainda Express April 11, 2017
ملزم گرفتار نہ ہو سکا، لڑکی سپرد خاک، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے، والدین کی اپیل ۔ فوٹو : فائل

معمولی بات پر محلے دار نے لڑکی پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی تاہم جھلسنے والی لڑکی اسپتال میں دم توڑ گئی۔

نوشہرو فیروز کے علاقے تھارو شاہ کے وارڈ نمبر 8 میں بچوں کی معمولی بات پر محلے دار مجاہد ولد شاہد شیخ نے 14 سالہ صائمہ تنیو بنت محمد رفیق تنیو پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی جس سے لڑکی کا 80 فیصد جسم جھلس گیا، لڑکی کو تشویشناک حالت میں تھارو شاہ بیسک ہیلتھ سینٹر لایا گیا جہاں لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے کے باعث آگ سے متاثرہ لڑکی زخموں کی وجہ سے تڑپتی رہی، بعدازاں اسے سول اسپتال نوشہروفیروز پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، ضروری کارروائی کے بعد لڑکی کی میت تھارو شاہ کے آبائی علاقے میں پہنچائی گئی تو ماحول سوگوار ہوگیا۔

اس موقع پر جاں بحق ہونے والی لڑکی کے والد محمد رفیق تنیو اور اس کی والدہ نے بتایا کہ پیر کی صبح محلے میں میری بیٹی دیگر بچوں کے ساتھ کھیل رہی تھی کہ اس دوران محلے دار مجاہد ولد شاہد شیخ نے معمولی بات پر صائمہ تنیو پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی، ہم نے تھارو شاہ پولیس کو بروقت اطلاع دی مگر پولیس نے ملزم کو گرفتار نہیں کیا۔

دوسری جانب اس سلسلے میں تھارو شاہ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش اور حقائق کے بعد ایف آئی آر درج کی جائے گی، لڑکی کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد آہوں اور سسکیوں میں مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، والدین نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

مقبول خبریں