قائد اعظم ٹرافی کرکٹ بولرز نے پانسہ پلٹتے ہوئے راولپنڈی کو فتح دلادی

لاہور 24 رنز سے ناکام، حیدر آباد نے بہاولپور کو اننگز اور146 رنز سے ہرایا۔


Sports Reporter January 23, 2013
کراچی و ملتان، پشاور وسیالکوٹ کے میچز ڈرا، کوئٹہ کے گوہر فیض کی 8 وکٹیں۔ فوٹو: فائل

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں رائونڈ میں حیدرآباد نے بہاولپور کو اننگز اور 146 رنز سے شکست دیدی۔

بولرز نے پانسہ پلٹتے ہوئے راولپنڈی کو لاہور شالیمار کیخلاف 24 رنز سے فتح دلادی،کراچی اور ملتان کا میچ ڈرا ہوگیا، پشاور اور سیالکوٹ کا میچ بھی فیصلہ کن ثابت نہ ہوا، اسلام آباد اور کوئٹہ کا میچ دلچسپ مرحلہ میں داخل ہو گیا،گوہر فیض نے8وکٹیں لیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں فالوآن کے بعد بہاولپور کی ٹیم58.4 اوورز میں 173 رنز پر آئوٹ ہوکر شکست کا شکار ہوگئی۔

مہمان ٹیم نے منگل کو 6وکٹ پر89 رنز کے ساتھ دوسری اننگز دوبارہ شروع کی لیکن کوشش کے باجود آخری 4کھلاڑی میزبان بولرزکا مقابلہ نہ کر سکے، البتہ انھوں نے مزید84 رنز کا اضافہ کیا،انصار جاوید 59 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے ناصر اویس نے62 رنز کے عوض6 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، انھوں نے میچ میں9 وکٹیں لیں،زاہد محمود نے پہلی اننگز کی طرح دوسری باری میں بھی 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، یاد رہے کہ حیدرآباد نے9 وکٹ پر 513 رنز بناکر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی تھی۔

آزاد جموں و کشمیر کے میرپور اسٹیڈیم میں راولپنڈی نے دلچسپ اور سنسنی خیزمقابلے کے بعد لاہور شالیمارپر فتح حاصل کی،پہلی اننگز میں 157 رنز اسکور کرنے والی ناکام ٹیم نے240 رنز کے تعاقب میں 3 وکٹ پر 134 رنز سے بیٹنگ شروع کی، تاہم راولپنڈی کے بولرزکے سامنے بے بس ہوکر 69ویں اوور کی دوسری گیند پر 215 رنز پر ہتھیارڈال دیے،حماد اعظم،سعد الطاف اورحسیب اعظم نے3،3 کھلاڑیوں کو واپس پویلین پہنچایا، پہلی اننگز میں 157 رنز اسکور کرنے والی راولپنڈی نے دوسری باری میں 198 رنز بنائے تھے۔



ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں جب چوتھے اور آخری روز میچ ہار جیت کے فیصلے بغیر ختم ہوا تو پہلی اننگز میں 410 رنز بنانے والی کراچی بلوز کی ٹیم نے دوسری باری میں 4 وکٹیں پر203 رنز اسکور کرلیے تھے،پہلی اننگز میں79 رنز اسکور کرنے کے بعد فخر زماں نے دوسری باری میں 83 رنز جوڑے،رمیز عزیز نے بھی نصف سنچری بنائی، ان کے 58 رنز میں 2 چوکے شامل تھے،اکبر رحمان نے51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، خرم منظور 22 رنز کا اضافہ کرسکے،شعیب مقصود اور ذوالفقار بابرکے ہاتھ 2، 2 وکٹیں لگیں،میزبان ملتان نے اپنی پہلی اننگز میں 363 رنز بنائے تھے۔

پشاور کے نیاز ارباب اسٹیڈیم میں بھی میچ ڈرا ہو گیا، پہلی اننگز میں 346 رنز بنانے والی میزبان ٹیم نے 74.2 اوورز میںآفتاب خان کی سنچری مکمل ہوتے ہی 5 وکٹ پر209 رنز کے ساتھ دوسری اننگز ڈیکلیئرڈکر دی،آفتاب خان کے ناقابل شکست 100 رنز میں14 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا،نواز احمد نے 35 رنز کی اننگز کھیلی ، پہلی اننگز میں269رنز اسکور کرنے والی سیالکوٹ کی ٹیم کا جواب میں16 اوورزمیں اسکور 32 رنز پر پہنچا تھاکہ میچ ڈرا پر ختم ہو گیا۔ ڈائمنڈ گرائونڈ پر اسلام آباد اور کوئٹہ کے درمیان میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا،تیسرے روز کھیل کے اختتام پر میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے45 رنز بنائے۔

قبل ازیں اس نے 3 وکٹ پر75 رنز سے نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی اور47 اوورز میں 134 رنز پر ڈھیر ہو گئی،راحیل مجید31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،گوہر فیض نے محض 50 رنز دیکر 8 کھلاڑیوں کوٹھکانے لگایاپہلی اننگز میں 129 رنز کی برتری حاصل کرنے والی کوئٹہ کی امیدوں پر اس وقت پانی پھر گیا جب وہ اپنی دوسری اننگز میں34.2 اوورز میں 122 رنز پر پویلین لوٹ گئی،تیمور علی 40 رنز جوڑنے میں کامیاب ہوئے،نصراللہ نے27 رنز دے کر 5 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ حمزہ ندیم اورزوہیب احمد نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،اس طرح 251 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد کو کامیابی کیلیے آخری روز مزید206 رنز درکار اورتمام وکٹیں محفوظ ہیں۔

مقبول خبریں