ڈاکٹر ظفراقبال اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر مقررصدرنےمنظوری دیدی

جامعہ اردو کو ممتاز حیثیت دلانے کیلیے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائوںگا،ظفراقبال، نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان.


Staff Reporter January 29, 2013
پروفیسر رضیہ حکمت،پروفیسر فرزانہ خان،ڈاکٹر شکیل خان،پروفیسر کرن سنگھ، پروفیسر فرح سید اور دیگر اساتذہ کی مبارکباد. فوٹو: فائل

KARACHI: ایوان صدر نے 11 ماہ کی تاخیر کے بعد شعبہ اردوکے استاد اورجامعہ کراچی کے رئیس کلیہ فنون پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال کووفاقی اردویونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کردیا۔

یونیورسٹی کے چانسلر اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے پروفیسرظفراقبال کی بحیثیت وائس چانسلر اردو یونیورسٹی تقرری کی منظوری دیدی ہے جس کی اطلاع ایوان صدرسے پروفیسرظفراقبال کو فون پردی گئی ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان ہے جس کے بعد وہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے، پروفیسر ڈاکٹر ظفر اقبال 1953 میں لاڑکانہ میں پیدا ہوئے، ان کے آبائواجدادکا تعلق بھارتی ریاست اترپردیش سے ہے ، ڈاکٹرظفر اقبال نے بی ایس سی اورایم اے کی ڈگری سندھ یونیورسٹی جامشوروسے حاصل کرنے کے بعد1980میں ''اردومیں تاریخ نویسی'' کے موضوع پرپی ایچ ڈی کی، وہ 1979میں اس سابقہ وفاقی اردوکالج میں بحیثیت لیکچررمنسلک ہوئے۔

جبکہ 1984میں جامعہ کراچی کے شعبہ اردوکوجوائن کیا، وہ 1989سے 1993 تک ٹوکیوکی مختلف جامعات میں تدریسی فرائض بھی انجام دیتے رہے،2003 سے 2005 تک اردویونیورسٹی میں رئیس کلیہ فنون رہے اسی دوران انھوں نے اردویونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلرکے عہدے کی ذمے داری بھی سنبھالی ، ڈاکٹرظفراقبال 15 کتابوں کے مصنف ہیں جبکہ 21 طلبا ان کے زیرنگرانی پی ایچ ڈی مکمل کرچکے ہیں ''ایکسپریس'' سے بات چیت میں ڈاکٹرظفراقبال نے کہا کہ نوٹیفکیشن ملنے کے بعد وہ عہدے کاچارج سنبھالیں گے، ان کاکہنا تھا کہ ان کی ترجیحات میں اردویونیورسٹی کودیگرجامعات کے مابین ایک موقرحیثیت دلانا ہے، واضح رہے کہ اردویونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمدقیصرکو گذشتہ سال فروری میں جامعہ کراچی کا وائس چانسلرمقررکردیا گیا تھا۔



جس کے بعد سے ڈاکٹرمحمد قیصرکے پاس اردویونیورسٹی کی سربراہی کااضافی چارج بھی تھا، اس دوران وائس چانسلرکے انتخاب کے لیے دوبار اشتہارات کے ذریعے امیدواروں کے انتخاب کی مشق کی گئی، انتخاب کی پہلی مشق میں ''تلاش کمیٹی''اور یونیورسٹی سینیٹ کی جانب سے مجوزہ ناموں کو ایوان صدرنے ایچ ای سی کے سربراہ ڈاکٹرجاوید لغاری کے اعتراض کے بعدمستردکردیا تھا، قابل ذکرامریہ ہے کہ ان ناموںمیں ڈاکٹرظفراقبال کانام بھی موجودتھا ، بعدازاں وائس چانسلرکے انتخاب کے لیے از سرنواشتہاردیا گیا۔

''تلاش کمیٹی''اور یونیورسٹی سینیٹ نے اپنے تجویز کردہ ناموں میں ایک بار پھرڈاکٹرظفراقبال کا نام شامل رکھا اورسینیٹ کے بھجوائے گئے ناموں پر مسلسل ایک ماہ تک غورکے بعد ایوان صدر نے ڈاکٹر ظفر اقبال کے نام کی منظوری دے دی ، بزم اساتذہ اردو سندھ کی صدر پروفیسر رضیہ حکمت ،سیکریٹری پروفیسر فرزانہ خان ،جوائنٹ سیکریٹری پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمدخان ، پروفیسر صفدر علی خان ، پروفیسر کرن سنگھ ، پروفیسر ذوالفقار دانش ، پروفیسر فرح سید نے ڈاکٹر ظفر اقبال کو وفاقی اردو یونیورسٹی کا وائس چانسلر بننے پر مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ اساتذہ کے مسائل کو حل کرنے اور یونیورسٹی کا معیار بلند کرنے میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کریں گے۔

مقبول خبریں