سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کے گنبد کی تعمیر کا افتتاح

نئی عمارت پرانی عمارت کی طرز پر تعمیر اور ارکان کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، نثار کھوڑو.


Staff Reporter January 31, 2013
نئی عمارت پرانی عمارت کی طرز پر تعمیر اور ارکان کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، نثار کھوڑو۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: اسپیکر سندھ اسمبلی نثار احمد کھوڑو نے بدھ کو سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کے گنبد کی تعمیر کا افتتاح کردیا۔

یہ عمارت کی تعمیر کا آخری مرحلہ ہے، نئی عمارت سندھ اسمبلی کی پرانی عمارت کی طرز پر تعمیر کی جا رہی ہے تاہم اس کی گنجائش پرانی عمارت سے زیادہ ہوگی، پرانی عمارت کو محفوظ قومی ورثہ قرار دیا گیا ہے،اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ نئی عمارت کا 70 تا 80 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے لیکن اس کی تکمیل میں مزید 5 ماہ درکار ہیں۔



نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کا منصوبہ 1990 سے سوچا تھا لیکن اس پر کام 2010 میں شروع ہوا، سندھ اسمبلی کی نئی عمارت 4 منزلہ ہے ، جس میں بیسمنٹ ، گراؤنڈ فلور اور دو اوپر کے فلور شامل ہیں،اس میں 300 ارکان کے بیٹھنے کی گنجائش ہے،اس گنجائش میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے،عمارت میں 22 وزرا کے دفاتر بھی ہیں تاکہ ایک جگہ پر اسمبلی اجلاس کے دوران یا اس کے بعد وزرا سے رابطہ کیا جاسکے۔

عمارت میں ایک آڈیٹوریم بھی تعمیر کیا گیا ہے،جس میں300 سے زائد افراد بیٹھ سکیں گے جبکہ اس کے علاوہ ایک کیفے ٹیریا بھی قائم کیا گیا ہے،عمارت کا ڈھانچہ تیار ہوچکا ہے لیکن عمارت کو مکمل ہونے میں 5 ماہ لگیں گے، لاگت کا تخمینہ 2 ارب روپے تھا لیکن یہ بڑھ بھی سکتا ہے،اس موقع پر ان کے ہمراہ نصرت سحر عباسی،آغا تیمور اور دیگر بھی موجود تھے۔

مقبول خبریں