ڈائیلاگ سے ہی مسائل حل ہوسکتے ہیںامینہ سید

مشاعرہ،مباحثہ اور دیگرسیشنز ہونگے، منیجنگ ڈائریکٹرآ کسفورڈ یونیورسٹی پریس۔


Staff Reporter February 07, 2013
کراچی لٹریچر فیسٹیول کے سلسلے میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی منیجنگ ڈائریکٹر امینہ سید آرٹس کونسل میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی ہیں، احمد شاہ ، آصف فرخی اور دیگر بھی موجود ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی منیجنگ ڈائریکٹر امینہ سید نے کہا ہے کہ ہم ادب کے ذریعے معاشرے میں ایسا ما حول پیدا کرنا چاہتے ہیں کہ جس سے نوجوان اپنے کلچرکو پہچان سکیں،ڈائیلاگ سے ہی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے آرٹس کونسل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ان کے ہمراہ آرٹس کونسل کراچی کے صدر محمد احمد شاہ ، جرمن کلچر سینٹر کے ڈائریکٹرڈاکٹر مینیول نیگوار اور معروف اسکالر ڈاکٹر آصف فرخی بھی موجود تھے، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس 15 فروری سے بیچ لگژری ہوٹل میں چوتھے '' کراچی لٹریچر فیسٹیول'' کا اہتمام کررہی ہے جو تین روز تک جاری رہا گا، فیسٹیول میں پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے ادیب، شاعر،اسکالر شرکت کررہے ہیں۔

 

8

امینہ سید نے کہا کہ ہم گفتگو اور کتابوں سے ایسا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں جس سے سوسائٹی کو درپیش مسائل حل ہوسکیں ، کانفرنس میں جرمن ،اٹالین ، فرنچ اور ریشین اسکالر بھی شرکت کررہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ادب کے فروغ کے لیے تیزی سے کام کیا جائے یہ ہمارے لیے خوش آئند بات ہے ، امینہ سید نے بتایا کہ کانفرنس میں 200مقررین ہوں گے جو شاعری جدید ادب ڈرامہ ،فلم اور موسیقی پر گفتگو کریں گے۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے بھارتی فلم ڈائریکٹر اورشاعر گلزار گفتگو کریں گے جبکہ اس سال پہلی مرتبہ چلڈرن لٹریچر فیسٹیول کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس میں طلبا و طالبات اساتذہ اور والدین شرکت کرسکیں گے، کانفرنس میں مشاعرے ، مباحثے اوردیگر سیشنز بھی ہوں گے،اس موقع پر جرمن کلچر سینٹر کے ڈائریکٹرڈاکٹر مینیول نیگوارنے کانفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ کراچی کے خراب حالات کے باجود شہریوں کے حوصلے بلند ہیں،پریس کانفرنس سے احمد شاہ اور آصف فرخی نے بھی خطاب کیا۔

مقبول خبریں