ڈالر کی قیمت بڑھنے کی وجوہ عام نہیں کر سکتے گورنر اسٹیٹ بینک
کرنسی مارکیٹ میں افواہیں پھیل سکتی ہیں، جے آئی ٹی نے جومعلومات مانگی وہ فراہم کر دی گئیں، طارق باجوہ
لاہور:
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینیٹرسلیم مانڈوی والا نے کہاہے کہ ڈالرکی قیمت کو مصنوعی طریقے سے کنٹرول کیا جارہا ہے حکومت مرکزی بینک کوآزادی اور خودمختاری سے کام کرنے دے اگرحکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اوگرا کی سفارش پر عمل نہیں کرناتواسے بند کردینا چاہیے ۔
اجلاس میں گورنراسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے روپے کی قیمت میں کمی پرمیڈیاکے سامنے بریفنگ دینے سے انکارکردیا۔ ان کاکہناتھاکہ ڈالرکی قیمت میں اضافے کی وجوہ کو پبلک نہیں کیاجاسکتا، اس سے کرنسی مارکیٹ میں افواہیں پھیل جاتی ہیں۔ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ریاض الدین ریاض نے بتایا کہ قانونی شعبے کی رائے کے بعد کمرشل بینکوں سے معلومات حاصل کرکے جے آئی ٹی کو فراہم کردی گئیں۔ چیئرمین ایف بی آر طارق پاشا نے بتایاکہ مالی سال2016-17 میں 3362 ارب روپے اکٹھے کیے جبکہ مالی سال2015-16 میں3112 ارب روپے اکٹھے ہوئے تھے جبکہ اگلے سال کاٹارگٹ 4013 ارب روپے ہے جس پرچیئرمین کمیٹی نے کہاکہ اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کے اعدادوشمار میں فرق ہے۔
جس پر حکام نے بتایاکہ اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمارمیں تمام چیزیں شامل نہیں ہوتیں۔کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ، سی جے اے اور اے جی پی حکام کی موجودگی میں معاملے کاتفصیل سے جائز ہ لیاجائے گا۔سینیٹ کی ذیلی کمیٹی فنکشنل کمیٹی کم ترقی یافتہ علاقہ جات نے قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کے ملازمین کی ادارے سے شکایات پرکہا کہ ایکٹ آف پارلیمنٹ اور صدارتی آرڈیننس کے ذریعے قائم ہونیوالے اداروں کے مسائل کی بنیادی وجہ وزارت خزانہ ہے،قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کے فنڈ2سال سے وزارت خزانہ سے جاری نہیں ہورہے، اگلے اجلاس میں وزارت خزانہ سے فنڈکے اجرا کی تاخیرکی تفصیل دی جائے۔ اجلاس کمیٹی کے چیئرمین نثارمالا کنڈکی زیر صدارت میں ہوا، نثارمالاکنڈ نے کہا کہ ادارے کے سروس رولز اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں اور ملازمین کی اے جی پی آر کے ذریعے تنخواہوں کی ادائیگی کے معاملات کا زیر التوا ہونا نااہلیت ہے ۔
ملازمین کے احتجاج کی وجہ سے صوبائی دفاتر اور ہیڈکوارٹرز کے علاوہ ادارے کے فیڈراسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل ہیں،وزارت تعلیم خصوصی تربیت کے حکام نے بتایاکہ عارضی اور کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کامعاملہ ، ادارے کے سروسز رولز اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھجوائے گئے اوریاددہانی کے خطوط بھی لکھے گئے ہیں، ذیلی کمیٹی ملازمین کے مسائل کے حل اورادارے کوبااختیار بنانے کیلیے تمام فریقوںسے مشاورت کرکے ٹھوس اور قابل عمل تجاویز دے گی۔