14 برس بعد ملکی میدانوں میں سری لنکا کی رسوائی

سیریز کے تینوں ٹیسٹ میں ناکامی ، آخری بار آسٹریلیا نے بھی میزبان کا یہ حال کیا


Sports Desk August 15, 2017
بھارت نے پہلی بار کسی سیریز میں تین مرتبہ پہلی اننگز میں 300 رنز کی برتری حاصل کی۔ فوٹو: فائل

شکست خوردہ آئی لینڈرز نے بھارتی ریکارڈ بک کو بہتر بنادیا، بھارت کے سورما دیارغیرمیں پہلی بار 3 یا زائد میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرپائے۔

یہ پہلا موقع ہے جب بھارت نے کسی دوسرے ملک میں 3 یا اس سے زائد ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا ہو جبکہ مجموعی طور پر یہ 3 یا اس سے زائد میچز کی سیریز میں اس کا پانچواں کلین سوئپ ہے۔ سری لنکا کو اپنے ملک میں 3 یا اس سے زائد میچز کی سیریز میں دوسری بار وائٹ واش کا منہ دیکھنا پڑا، آخری مرتبہ آسٹریلیا نے 2003-04 میں اسے اسی طرح ہی مزہ چکھایا تھا، مجموعی طور پر سری لنکا کو 3 یا اس سے زائد ٹیسٹ میچز کی سیریز میں چھٹی مرتبہ وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس سیریز میں بھارتی بیٹنگ اور بولنگ ایوریج میں 35.98 کا فرق رہا جوکہ 3 یا اس سے زیادہ کی سیریز میں دوسرا بڑا فرق ہے، سب سے بڑا 44.43 کا فرق بھی سری لنکا کے ہی خلاف سیریز میں 1986 میں سامنے آیا تھا، حالیہ سیریز میں بھارت کی بیٹنگ ایوریج 60.90 اور بولنگ اوسط 24.92 رہی ہے۔ یہ بھارت کی کسی بھی ٹیسٹ میچ میں چوتھی جبکہ دیار غیر میں دوسری بڑی فتح ہے۔

واضح رہے کہ سری لنکا کیلیے یہ مجموعی طور پر پانچویں جبکہ ملک میں دوسری بڑی ناکامی ہے۔ اس سیریز میں بھارتی اسپنرز کی اوسط 26 رہی ہے جبکہ میزبان سلو بولرز کی ایوریج 67.38 رہی۔ بھارتی اسپنرز کو اوسطاً ایک وکٹ کیلیے 49 بالز کا انتظار کرنا پڑا جبکہ سری لنکن اسپنرز کو 102 گیندوں پر ایک وکٹ ملی۔ بھارتی فاسٹ بولرز کی ان تین میچز میں ایوریج 24.35 رہی جبکہ میزبان پیسرز کی ایوریج 53.84 تھی۔بھارت نے پہلی بار کسی سیریز میں تین مرتبہ پہلی اننگز میں 300 رنز کی برتری حاصل کی، اسی قسم کی دو برتریاں اس نے 2009-10 میں سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں بھی حاصل کی تھیں۔

مقبول خبریں