رواں سال ورلڈ الیون، سری لنکا اورویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی

ویب ڈیسک  پير 21 اگست 2017

 لاہور: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون ستمبر، اکتوبر میں سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو پروفیشنل بنانا بہت بڑی ذمہ داری ہے، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔ ورلڈ الیون آئندہ ماہ ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی تاہم مہمان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان 2 سے 3 روز میں کر دیا جائے گا جب کہ سکیورٹی فنڈز کے علاوہ تمام اخراجات خود برداشت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کا دورہ ورلڈ الیون کے کامیاب دورہ پاکستان سے مشروط ہو گا جب کہ ابھی تک کوئی غیر ملکی ٹیم لاہور کے علاوہ کسی شہر میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : سری لنکا کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کا اعلان کردیا

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں یو اے ای میں شیڈول سری لنکا کے خلاف سیریز کا ایک ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں بھی کھیلا جائے گا، بعد ازاں نومبر میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں مہمان ٹیم 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کو منانا بہت مشکل کام تھا تاہم سری لنکن بورڈ نے دلیری سے فیصلہ لیا اور کہا ہم آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔