خوشیاںبانٹنا ہی اصل کام ہے ریاسین نئی فلم میں کامیڈی کردار نبھانے کیلئے تیار

چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر نے کے لیے بڑی محنت کرنا پڑتی ہے اورلوگوں کو خوشی دینا کوئی معمولی کام نہیں ہے، ریا سین


Showbiz Desk February 19, 2013
بالی وڈ میں کامیڈی فلموں کا رحجان زور پکڑ رہا ہے،ریا سین۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ ریاسین کی نئی فلم ''ربا میں کیا کروں؟''19اپریل کو سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی ۔

ہدایتکار امرت ساگر کی اس رومانوی کامیڈی فلم میں آکاش ساگر ،ارشد وارثی،پاریش راول ،راج ببر ،شکتی کپور اور انورادھا پٹیل اہم کرداروں میں جلوہ گرہورہے ہیں ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر نے کے لیے بڑی محنت کرنا پڑتی ہے اورلوگوں کو خوشی دینا کوئی معمولی کام نہیں ہے،خوشیاں بانٹنا ہی اصل کام ہے ۔انھوں نے کہا کہ بالی وڈ میں کامیڈی فلموں کا رحجان زور پکڑ رہا ہے اس انداز کو زیادہ پسند کیا جارہا ہے اور یہی پھر اصل تفریح بھی ہے ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ نئی فلموں میں مختلف کردار نبھارہی ہوں رواں سال ریلیز ہونیوالی فلم''کرش تھری ''اور ''زندگی ففٹی ففٹی''میں بھی اہم کردار نبھارہی ہوں،انھوں نے کہا کہ رواں سال پرفامنس کو یادگار بنانے کی کوشش کروں گی ۔

اداکارہ نے بتایا کہ اپنی اداکاری کو اچھے انداز میں پیش کرکے شائقین کو متاثر کرنے کے لیے کوشاں رہوں گی ۔پرستاروں کی حوصلہ افزائی سے ہی آگے بڑھ رہی ہوں اورمختلف فلموں میں منفرد کردار ملنے لگے ہیں ۔واضح رہے کہ 24جنوری 1981کو پیدا ہونیوالی اداکارہ نے فلمی سفر کا آغار 1991میں چائلڈ اسٹار کے طور پر کیا ۔اداکارہ کا پیدائشی نام ریا دیو ورما تھا ۔18سال کی عمر میں فلمی کردار نبھاکر اپنی پرفارمس کی دھاک بٹھادی اور بہترین اداکارہ کا نیشنل فلم ایوارڈ جیت لیا ۔

اداکارہ فنکار گھرانے میں پیدا ہوئیں والدین کا تعلق بھی اداکاری سے تھا بہن رائما سین بھی اداکارہ ہی ہیں ۔اداکارہ کو پہلی بار کیمرے کے سامنے پرفارم کرنے کا موقع میوزک البم ''یاد پیا کی آنے لگی ''میں ماڈلنگ کرنے سے ملا، اس پر ان کی پرفارمنس کو بہت سراہا گیا اور بالی وڈ تک ان کی اداکاری کے چرچے ہوئے جس پر ان کو نئی فلموں میں کام کرنے کی آفرز ہونے لگیں۔ اداکارہ نے اس دوران کئی کمرشلز میں بھی کام کیا جن کو سراہا گیا۔ اسکے بعد ریا سین نے متعدد فلموں میں کردار نبھائے ،ان میں کئی میگا اسٹارز کے ساتھ کام کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔



ریاسین نے کئی بنگالی ،تامل اور تلگو اور ملیالم فلموں میں بھی پرفارم کیا۔ سائوتھ میں ان کی پرفارمنس کو بہت پذیرائی ملی۔ اداکارہ ریاسین کئی آنیوالی سائوتھ کی فلموں میں بھی نظر آئیں گی ،رواں سال متعدد پراجیکٹ کیے ہیں ان میں سے اکثر مکمل ہوچکے ہیں ۔ہدایت کار سنتوش سیوان کی فلم نے انھیں سائوتھ میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔اداکارہ نے معروف گلوکاروں کی متعدد میوزک البمز کے لیے بھی پرفارم کرکے شائقین کو اپنی ادائوں کا گرویدہ بنالیا، نقادوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ ریا سین پرفارم کرنے کا سلیقہ جانتی ہیں ان کی پرفارمنس سے کوئی بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ کولکتہ میں پیدا ہونیوالی 32 سالہ بالی وڈ اداکارہ اسٹیج پر بھی کام کیا۔اداکارہ نے لائیو پرفارم کرنے کے بھی اعزاز حاصل کیے ۔سابق اداکارہ مومون سین کی بیٹی ہونے پر بھی اداکارہ کو فخر ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ ماں سے بہت کچھ سیکھا ہے اور میری تمام کامیابیوں کے پیچھے میری ماںکا بہت زیادہ کردار ہے۔اداکارہ کی پہلی فلم ''وشکانیا ''نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کی۔پھر 1999 میں تامل فلم ''تاج محل''میں جلوہ گرہوئیں ،اسی زبان میں 2000کے دوران فلم ''گڈلگ ''کی ،2001میں ہندی فلم ''اسٹائل ''میں پرفارم کیا ۔2002میں فلم ''دل ول پیارویار''میں جلوے دکھائے ۔2003میں فلم ''سازش''کی ۔پھر ''قیامت''میں کام کیا ۔2004میں فلم ''دل نے جسے اپنا کہا''میں کامنی کا کردار نبھایا ۔

اسی سال فلم''پلان''بھی کی ،2005میں فلم ''شادی نمبرون''میں کردار نبھایا ۔فلم''جیمز''اور ''سلسلے''بھی اسی سال کی ۔2006میں فلم''لو یو ہمیشہ''میں میگھنا کا کردار خوبی سے نبھایا ۔2007میں ''ہائے بے بی''کی۔2008کے دوران فلم ''ہیروز''،''زور لگاکے''اور ''لو کھچڑی''میں کام کیا ۔2009 میں فلم ''پیئنگ گیسٹس''کی۔ 2010 میں فلم'' بنی اینڈ ببلو''میں کام کیا، 2011میں فلم ''کشمکش ''میں جلوہ گرہوئیں۔پھر فلم ''تیرے میرے پہرے''کی۔2012میں ریلیز ہونیوالی فلم ''تھری بیچلرز''میں نشا کا کردار نبھایا ۔

مقبول خبریں