سری لنکن حکومت کی نگاہیں لاہور پر مرکوز ہوگئیں

آئی لینڈرزکا گرین شرٹس سے ٹی20میچ بدستور سیکیورٹی سے مشروط ہے، وزیر کھیل


Sports Desk September 15, 2017
جیاسیکرا نے ان سب معاملات کے ساتھ پاکستان کی جانب سے مشکل وقت میں کیے گئے تعاون کا بھی تذکرہ کیا۔ فوٹو: فائل

WASHINGTON: سری لنکن حکومت نے نگاہیں لاہور پر مرکوز کر لیں۔

پاکستان اور سری لنکا کی سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ البتہ29 اکتوبر کو شیڈول آخری ٹوئنٹی 20 میچ کی میزبانی لاہور کو دی گئی ہے جو سیکیورٹی صورتحال اور ورلڈ الیون کے ٹور کی کامیابی سے مشروط ہوگا، اسی لیے سری لنکن بورڈ کے ساتھ وہاں کی حکومت بھی لاہور میں سیکیورٹی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

وزیر کھیل دیاسری جیاسیکرا نے کہاکہ سری لنکا اور پاکستان کے درمیان میچز یو اے ای میں ہی کھیلے جائیں گے اور فی الحال تو منصوبہ یہی ہے، اس وقت پاکستان میں ورلڈ الیون تین میچز کی سیریز کھیل رہی ہے، ہم نے حکومتی سطح پر پاکستان میں کھیلنے کا ابھی کوئی بھی فیصلہ نہیں کیا، اگر لاہور کی سیکیورٹی صورتحال قابل اطمینان ہوئی تو یہ میچ وہاں ہوسکتا ہے تاہم ہمیں 100 فیصد سیکیورٹی کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس حوالے سے کوئی بھی خطرہ مول نہیں لینا چاہیں گے کیونکہ جو کچھ آخری بار ہماری ٹیم کے ساتھ لاہور میں ہوا تھا وہ بھی ہمیں یاد ہے۔

جیاسیکرا نے ان سب معاملات کے ساتھ پاکستان کی جانب سے مشکل وقت میں کیے گئے تعاون کا بھی تذکرہ کیا، انھوں نے کہاکہ پاکستان وہ ملک ہے جس نے ضرورت کے وقت ہماری سب سے زیادہ مدد کی، اس کی ٹیم 1996 میں تب ہمارے ملک آئی جب آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے یہاں کھیلنے سے انکار کردیا تھا، صرف یہی نہیں بلکہ حالیہ سیلابوں میں بھی پاکستان نے ہماری کافی مدد کی ہے۔

مقبول خبریں