پی آئی اے کے طیارے کا دوران پرواز انجن فیل، جہاز میں آگ بھڑک اٹھی

ویب ڈیسک  بدھ 11 اکتوبر 2017
طیارے میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے تمام مسافروں کوبحفاظت اتار لیا گیا،ترجمان پی آئی اے؛فوٹوفائل

طیارے میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے تمام مسافروں کوبحفاظت اتار لیا گیا،ترجمان پی آئی اے؛فوٹوفائل

لاہور: پی آئی اے کے بیرون ملک جانے والے طیارے میں دوران پرواز انجن فیل ہونے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تاہم پائلٹ نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے تمام مسافروں کو بچالیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پی آئی اے کی پرواز 755 سیالکوٹ سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض جارہی تھی کہ دوران پرواز اچانک طیارے کا ایک انجن فیل ہوگیا اور جہاز کے کارگو رکھنے والے پورشن میں آگ بھڑک اٹھی، طیارے میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے، تاہم پائلٹ نے فوری طور پر لاہور رن وے کو کلیئر کرنے کو کہا اور جہاز کو بحفاظت ہنگامی طور پر لاہور ائیرپورٹ پراتارلیا گیا۔

پی آئی اے کی سول ایوی ایشن انتظامیہ نے ریسکیو کی آگ بجھانے والی گاڑیاں اور ایمبولینس فوری طور پر رن وے پر بھیج دیں جہاں ریسکیو اہلکاروں نے جہاز کے کارگو پورشن میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا اور اس دوران کسی بھی شخص کو جہاز کے قریب آنے کی اجازت نہ دی گئی اور ساتھ ہی طیارے سے تمام مسافروں کو بحفاظت اتار لیا گیا ہے۔

پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق طیارے میں لگنے والی آگ کے اسموک کا سگنل کاک پٹ میں موجود پائلٹ کو ملا جس کے بعد طیارہ فوری طور پر لینڈ کروایا گیا۔ پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ آگ طیارے میں نہیں صرف کارگو پورشن میں لگی۔

پی آئی اے ترجمان نے تمام مسافروں کی حفاظت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ تمام مسافروں کو ریاض بھیجنے کا متبادل بندوبست کرلیا گیا اور طیارے سے مسافروں کا سامان بھی بغیر کسی نقصان کے اتار لیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔