ویمنز ٹینس میں ماریا شراپووا نے 2 برس بعد پہلی ٹرافی جیت لی

تیانجن ویمنز اوپن کے فائنل میں بیلاروسی پلیئر آریانا سیبالینکا کو شکست، شنگھائی ماسٹرز میں راجرفیڈرر چیمپئن بن گئے


Sports Desk October 16, 2017
تیانجن ویمنز اوپن کے فائنل میں بیلاروسی پلیئر آریانا سیبالینکا کو شکست، شنگھائی ماسٹرز میں راجرفیڈرر چیمپئن بن گئے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور: روسی ٹینس ساحرہ ماریا شراپووا نے رواں سیزن میں پہلی ٹرافی جیت لی۔

تیانجن ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ روسی اسٹار ماریا شراپووا کیلیے خوش قسمت رہا، رواں برس ڈوپنگ پر 15 ماہ کی پابندی کے بعد دوبارہ کھیل میں واپس آنے والی دراز قامت کھلاڑی نے سیزن میں پہلی ٹرافی قبضے میں کرلی، ماریا کو اس مقابلے میں فتح کیلیے خاصی تگ ودو کرنا پڑی، دونوں سیٹ میں ابتدا میں وہ خسارے سے دوچار رہیں لیکن پھر انھوں نے بتدریج ردھم پاتے ہوئے بازی اپنے نام کرلی۔

19 سالہ آریانا نے تجربہ کار روسی حریف کو بھرپور مزاحمت پیش کی،بیلاروسی پلیئر کیریئر کا پہلا ڈبلیو ٹی اے فائنل کھیلنے کے باوجود خاصی پراعتماد دکھائی دیں، ابتدائی سیٹ میں ناکامی کے باوجود انھوں نے دوسرے سیٹ میں بھی ایک مرحلے پر 5-1 کی برتری لیکر ماریا کیلیے خطرے کا الارم بجادیا تھا لیکن پہلے سیٹ کی طرح ماریا نے دوسرے میں بھی بھرپور کم بیک کرتے ہوئے بازی اپنے نام کرلی۔

ماریا نے اس سے قبل آخری ٹائٹل کامیابی مئی 2015 میں اٹالین اوپن میں حاصل کی تھی۔دوسری جانب سوئس ماسٹر راجرفیڈررنے شنگھائی ماسٹرز میں میدان مارلیا، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں روایتی حریف رافیل نڈال کو 6-4،6-3 سے مات دی، یہ اسپینش پلیئر کیخلاف رواں برس میں ان کی چوتھی فتح شمار ہوئی، مقابلہ ایک گھنٹے 12 منٹ میں پایہ تکمیل کو پہنچا، جس کے نتیجے میں راجرفیڈرر نے سیزن میں چھٹی ٹرافی اپنے نام کرلی۔

سوئس پلیئر شنگھائی میں دوسری بار چیمپئن بنے، وہ گذشتہ برس اس ایونٹ میں شریک نہیں ہوپائے تھے، اس حوالے سے انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میں گذشتہ برس انجری مسائل کے سبب یہاں کھیلنے نہیں آسکا تھا لیکن اس بار مجھے یہاں واپس آکر بہت خوشی ہوئی ، مجھے یہاں پر اپنے بہترین دوست نڈال سے فائنل کھیلنا بہت شاندار لگا، کیریئر کا 94واں ٹائٹل قبضے میں کرنے والے فیڈرر نے نڈال پر اپنی بالادستی ثابت کردی، اسپینش پلیئر نے اگرچہ گذشتہ ہفتے چائنا اوپن جیتا تھا لیکن وہ شنگھائی میں اس پرفارمنس کو دہرانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

 

مقبول خبریں