بھارتی فوج کو لائن آف کنٹرول پر فری ہینڈ دے دیا گیا ہے وزیر دفاع اے کے انتھونی

پاک فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی، ترجمان وزارت دفاع ایس این اچاریہ


ویب ڈیسک August 12, 2013
بھارتی فوج پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر کسی بھی طرح کا جواب دینے کے لئے آزاد ہے، اے کے انتھونی فوٹو: فائل

بھارتی وزیر دفاع اے کے انتھونی نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو ہوا دیتے ہوئے کہا ہے کہ کنٹرول لائن کی صورتحال پر بھارتی فوج کسی بھی قسم کا جواب دینے کے لئے آزاد ہے۔

بھارت کے پہلے طیارہ بردار بحری جہاز ''آئی این ایس وکرانت'' کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے کے انتھونی نے کہا کہ بھارتی فوج پاکستان کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر کسی بھی طرح کا جواب دینے کے لئے آزاد ہے۔ اس موقع پر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت کو اپنی بحریہ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور طیارہ بردار بحری جہاز کے بیڑے میں شامل ہونے سے بھارتی نیوی کا شمار دنیا کی مضبوط ترین بحریہ میں ہوگا۔

دوسری جانب ایک بار پھر ''الٹا چورکوتوال کو ڈانٹے'' کی مثال پر عمل کرتے ہوئے بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان ایس این اچاریہ نے پاکستان پر الزام عائد کیا ہے کہ پاک فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ اور درگا سیکٹر میں گولا باری اور فائرنگ کی۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب آزادکشمیر کے چری کوٹ، ستوال اور بٹل سیکٹروں میں نیا محاذ کھولتے ہوئے شدید گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوگیا تھا۔

مقبول خبریں