اظہار رائے کی آزادی کو کسی کی توہین کے لئے استعمال نہ کیا جائے پوپ فرانسس

ہمیشہ اظہار رائے کی آزادی کی حمایت کی لیکن ایسی آزادی کی لازمی طور پر کچھ حدود ہونی چاہئے،عیسائیوں کے روحانی پیشوا


ویب ڈیسک January 15, 2015
ہر انسان کو کسی کی توہین اور تشدد کئے بغیر اپنےعقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔، پوپ فرانسس ۔ فوٹو فائل

عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ لوگوں کو نہ تو کسی دوسرے کے عقائد کی توہین اور نہ ہی مذہب کے نام پر کسی کو قتل کرنا چاہئے۔

سری لنکا سے فلپائن کے دارلحکومت منیلا پہنچنے سے قبل طیارے میں میڈیا سے گفتگو میں پوپ فرانسس کاکہنا تھا کہ کوئی بھی شخص اپنے مذہب کے نام پر جنگ نہیں کرسکتا کیونکہ مذہب کے نام پر قتل کرنا گمراہی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ انہوں نے ہمیشہ اظہار رائے کی آزادی کی حمایت کی لیکن ایسی آزادی کی لازمی طور پر کچھ حدود ہونی چاہئے، کوئی بھی شخص ایسا کام نہیں کر سکتا جس سے کوئی دوسرا شخص اشتعال میں آجائے، نہ ہی دوسرے کے عقائد کی توہین کی جائے اور نہ ہی اسے مذاق بنایا جاسکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہر ایک کو آزادی حاصل ہے لیکن اس کےساتھ اس کی کچھ ذمہ داریاں بھی ہیں لہذا کسی بھی قسم کی آزادی کو اس طرح استعمال کیا جائے کہ وہ کسی کی تضحیک کا باعث نہ بنے بلکہ انسانیت کا احترام مد نظر رکھا جائے۔

پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ اگر کوئی میری ماں کے خلاف گندی زبان استعمال کرتا ہے تو اسے بھی تھپڑ کھانے کے لئے تیار رہنا چاہئے اسی طرح ہر انسان کو کسی کی توہین اور تشدد کئے بغیر اپنےعقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔

مقبول خبریں