مصر نے بھی راہداری منصوبے میں شمولیت کی خواہش ظاہر کردی، ایاز صادق

نمائندہ ایکسپریس  پير 6 فروری 2017
علامہ اقبال نے ’’نیل کے ساحل سے لے کرتابخاک کاشغر‘‘ کا جو نظریہ پیش کیا تھا اس کو عملی جامہ پہنانے کاوقت آن پہنچا۔ فوٹو: فائل

علامہ اقبال نے ’’نیل کے ساحل سے لے کرتابخاک کاشغر‘‘ کا جو نظریہ پیش کیا تھا اس کو عملی جامہ پہنانے کاوقت آن پہنچا۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ مصر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اتوار کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہاکہ جمعرات کو مصر کے سفیر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں اقتصادی راہداری کا حصہ بننے کی تجویز پیش کی جوخوش آئند ہے، اس تجویز سے اقتصادی ترقی کی راہیں کھلیں گی جس سے براستہ پاکستان کم قیمت اورمحفوظ ترین تجارتی راستوں سے چین سے افریقہ تک تجارت ممکن ہو سکے گی۔

ایاز صادق نے کہا کہ مصر کے اس منصوبے میں شامل ہونے سے اقتصادی خوشحالی، مشترکہ ترقی اور علاقائی رابطوں کو بڑھانے کی نئی قندیلیں روشن ہوں گی۔

این این آئی کے مطابق ایازصادق نے یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کہا کہ طاقت کے زور پرتحریک آزادی کشمیر کو دبایا نہیں جاسکتا، مسئلہ کشمیرصرف ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ حق خودارادیت کشمیری عوام کابنیادی حق ہے۔

علاوہ ازیں ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید ستی کا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیرکے عوام کی حق خوداردیت کیلیے جاری جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔