سلمان خان کی ’’ٹیوب لائٹ‘‘ فیوز ہوگئی

ویب ڈیسک  بدھ 28 جون 2017
 فلم ٹیوب لائٹ عید کے پہلے روز صرف 19 کروڑ 9 لاکھ کا ہی بزنس کرسکی؛فوٹوفائل

فلم ٹیوب لائٹ عید کے پہلے روز صرف 19 کروڑ 9 لاکھ کا ہی بزنس کرسکی؛فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی فلم’’ ٹیوب لائٹ‘‘ عید کے موقع پرفلمی شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی اور توقع کے خلاف عید کے پہلے روز صرف 19 کروڑ 9 لاکھ کا ہی بزنس کرسکی۔

بالی ووڈ کے ناموراداکار سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ عید کے موقع پرنمائش کے لیے پیش کی گئی تھی ، فلم کے ہدایت کار کبیرخان اورسلمان خان کی ایک ساتھ یہ تیسری فلم ہے پچھلی دونوں فلمیں ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ اور’’بجرنگی بھائی جان‘‘ نے باکس آفس پرریکارڈ بزنس کیا تھا جس کے باعث اس فلم سے بھی دونوں کو بہت امیدیں وابستہ تھیں تاہم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ اب تک امیدوں پر پوری اترنے میں ناکام رہی ہے اور ریلیز کے پہلے روزسلمان کی گزشتہ فلموں کے مقابلے میں بہت کم یعنی صرف 20 کروڑ 15 لاکھ  کا بزنس ہی کرسکی جبکہ دوسرے روز بھی فلم شائقین کی زیادہ تعداد کو متوجہ کرنے میں ناکام رہی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان خان کی ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کی روشنی پہلے ہی روزمدھم

ابتدائی دو دن انتہائی کم کمائی پر فلمی تجزیہ نگاروں کا کہنا تھا کہ رمضان کے باعث لوگ زیادہ تعداد میں سینما کارخ نہیں کررہے لہٰذا عید کے دن فلم کے بزنس میں بہتری آئے گی لیکن فلم عید کے دن ریلیز کے پہلے روز سے بھی کم صرف19 کروڑ 9 لاکھ کا بزنس ہی کرسکی ، عید کے موقع پراتنی کم آمدنی سلمان کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں۔

بالی ووڈ فلموں کے بزنس پر نظر رکھنے والے تجزیہ نگار ترن آدرش نے فلم کی 4 دنوں کی کمائی کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ نے ریلیز کے پہلے دن 21 کروڑ 15 لاکھ، دوسرے دن 21 کروڑ 17 لاکھ، تیسرے دن 22 کروڑ 45 لاکھ اور چوتھے دن 19 کروڑ 9 لاکھ کا بزنس کیا تاہم فلم نے اب تک صرف 83 کروڑ 86 لاکھ روپے کمائے ہیں۔

ترن آدرش نے مزید لکھا کہ عام طور پرسلمان کی فلمیں عید پر کمائی کے نئے ریکارڈ قائم کرتی ہیں لیکن اس بار ایسا نہ ہوسکا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سلمان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ دوسرے دن بھی کمال نہ دکھاسکی

واضح رہے کہ سلمان کی گزشتہ سال عید پرریلیز ہوئی فلم ’’سلطان‘‘ تین دن میں 105 کروڑ 53 لاکھ  اور’’بجرنگی بھائی جان‘‘ نے  102 کروڑ 60 لاکھ روپے کمالئے تھے جبکہ فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ اب تک 100 کروڑ کلب میں بھی شامل نہیں ہوسکی ہے۔

فلم کی کہانی 60 کی دہائی میں ہونے والی بھارت چین جنگ کے گرد گھومتی ہے فلم میں سلمان خان کے علاوہ سہیل خان، مرحوم اداکاراوم پوری اورچینی اداکارہ ژوژو نے اہم کردارادا کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔