جناح اسپتال کینسر کے علاج کیلئے مشین نصب

سائبرنائف مشین سےدماغ میںموجودسالٹ ٹیومر،ریڑھ کی ہڈی کےکینسر سمیت دیگراعضا کے کینسرکا محفوظ علاج ممکن ہوگا


Staff Reporter August 07, 2012
سائبرنائف شعبہ طب میں جدید ترین مشین ہے،دماغ میںموجودسالٹ ٹیومر،ریڑھ کی ہڈی میں پائے جانے والے کینسر سمیت دیگراعضا کے کینسرکا محفوظ علاج کیا جائیگا (فوٹو فائل)

ISLAMABAD: جناح اسپتال کے ریڈیولوجی یونٹ میں کینسر کے مرض میں مبتلا مریضوںکے علاج کے لیے پہلی بار سائبرنائف مشین نصب کردی گئی ہے،اس مشین کے ذریعے کینسرکے مریضوں کا محفوظ ریڈی ایشن ( شعاعوںسے علاج ) ممکن ہو سکے گا ، سائبر نائف جدیدترین مشین کے ذریعے کسی بھی اقسام کے کینسر(ٹیومر)کو فوکس کرکے متاثرہ مریض کو انتہائی محفوظ شعاعیں (ریڈی ایشن) دی جائیںگی۔

یہ مشین جناح اسپتال میں پیشینٹ ایڈفاؤنڈیشن نے اپنی مدد آپ کے تحت امریکا سے منگوائی ہے جس کی مالیت 4.1 ملین بتائی گئی ہے، سا ئبر نائف مشین جناح اسپتال کے ریڈیولوجی یونٹ میں نصب کردی گئی عید کے بعد اس مشین سے غریب مریض کو ریڈی ایشن دیکر افتتاح کیا جائے گا، اسپتال کیلیے پیشنٹ ایڈ فاؤنڈیشن نے حال ہی میں 14کروڑ روپے مالیت سے سرجیکل آئی سی یو بھی تعمیر کیا ہے، ایڈفاؤنڈیشن کے سربراہ زاہد بشیرجبکہ چیئرمین ایگزیکٹوکمیٹی مشتاق چھا پرا ہیں ۔

ریڈیولوجی یونٹ کے سربراہ پروفیسر طارق محمود نے بتایا کہ سائبرنائف شعبہ طب میں جدیدترین مشین ہے جس سے مختلف اقسام کے کینسر دماغ میں موجود سالٹ ٹیومر، ریڑھ کی ہڈی میں پایا جانے والا کینسر سمیت جسم کے دیگر اعضا کے کینسر کا محفوظ علاج کیا جا ئے گا ،انھوں نے کہا کہ اس جدید ترین مشین کے ذریعے پہلے اور دوسرے اسٹیج کے کینسر کے مریضوں کا مکمل علاج کیاجاسکتا ہے۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر سائبرنائف جناح اسپتال پروفیسر طارق محمود نے بتایا کہ مشین کے ذریعے مریض کو بے ہوش کیے بغیرمحفوظ شعاعیں دی جائیںگی جس کا (ایک سیشن )دورانیہ 30سے 90منٹ تک ہوگا،اس طریقہ علاج سے مریض کے دیگر ٹشواور سیل بھی محفوظ رہ سکیں گے،پروفیسر طارق محمود نے کہا کہ سائبرنائف مشین کو دنیا کے بیشتر ممالک میں کینسر کے مریضوں کامحفوظ علاج تصور کیا جارہا ہے۔

تاہم پاکستان میں کسی بھی سرکاری اسپتال میں پہلی بار نجی پارٹنرشپ کے تحت مشین نصب کی گئی ہے تاہم اس مشین کے نجی علاج پر ایک سیشن پر ہزاروں ڈالرکے اخراجات آتے ہیں لیکن جناح اسپتال میں سائبرنائف مشین پر مستحق اور غریب مریضو ں کو بلامعاوضہ علاج کی سہولیتیں میسرکی جائیںگی ، انھوں نے کہا کہ کینسر جیسے موذی مرض کے علاج کی سکت نہ رکھنے والے مریضوں کا لاکھوں روپے کاعلاج مفت کیا جائے گا جبکہ اس جدید ترین مشین کے ذریعے علاج سے کوئی سائیڈ افیکٹ بھی نہیں ہوگا۔

مقبول خبریں