بھارتی فلموں کے لیجنڈ اداکار ششی کپور چل بسے

ویب ڈیسک  پير 4 دسمبر 2017
ششی کپور کو بولی ووڈ کے سب سے بڑے ایوارڈ’داداصاحب پھالکے‘سے نوازا گیا تھا،فوٹو:فائل

ششی کپور کو بولی ووڈ کے سب سے بڑے ایوارڈ’داداصاحب پھالکے‘سے نوازا گیا تھا،فوٹو:فائل

 ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اداکار ششی کپور طویل علالت کے بعد 79 سال کی عمر میں چل بسے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ششی کپور کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا، وہ اداکار پرتھوی راج کپور کے بیٹے جب کہ راج کپور اور شمی کپور کے بھائی تھے۔ انہوں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز بطور چائلڈ ایکٹر 1948 میں فلم ’’آگ‘‘ سے کیا جب کہ 1961 میں ریلیز ہونے والی فلم’’دھرم پترا” میں مرکزی کردار ادا کیا۔ 70 اور 80 کی دہائی میں انہوں نے کئی لازوال فلموں میں کام کیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ششی کپور کو’’ لائف ٹائم اچیومنٹ‘‘ ایوارڈ سے نوازا گیا

بالی ووڈ لیجنڈ ششی کپور نے 175 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور کئی ایوارڈز اپنے نام کیے ۔ وہ اداکاری کے جوہر دکھانے کے ساتھ ساتھ کئی فلموں کے پروڈیوسر بھی تھے۔ انہوں نے بھارتی سینماؤں کو کئی بہترین فلمیں دیں جو آج بھی مقبول ہیں۔

ششی کپور کی شہرہ آفاق فلموں میں ’’دیوار‘‘،’’وجیتا‘‘، ’’کبھی کبھی‘‘،’’نمک حلال‘‘،’’سہاگ‘‘،’’محافظ‘‘ اور’’مسٹر رومیو‘‘ شامل ہیں، ان کی اداکارہ راکھی کے ساتھ جوڑی کو بالی ووڈ کی کامیاب ترین جوڑی قرار دیا جاتا ہے اور اپنی جانداراداکاری کی بدولت اعلی ترین فلمی ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں تاہم ان کی فلم ’’ دیوار‘‘ میں ان کا ڈائیلاگ ’’میرے پاس ماں ہے‘‘ کو کافی شہرت حاصل ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:  ششی کپور کے نام ’’داداصاحب پھالکے ایوارڈ‘‘ 

ششی کپور طویل عرصے سے بیمار تھے تاہم 2014 میں سینے میں انفیکشن کے بعد انہوں نے گوشہ نشینی اختیار کرلی تھی۔ان کی موت پر اداکاروں اور ان کے مداحوں نے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے جب کہ بولی ووڈ فلم انڈسٹری  بھی سوگوار ہے۔

دوسری جانب  بھارتی صدر رام ناتھ اور وزیراعظم نریندرا مودی نے بھی  معروف اداکار کی موت پر دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔