قائداعظم محمد علی جناحؒ کا 142 واں یوم ولادت جوش و جذبے سے منایا گیا

ملک بھر میں خصوصی تقریبات ہوئیں، پاکستان ملٹری اکیڈمی کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے


ویب ڈیسک December 25, 2017
قائد کے فرمودات پر عمل کرکے درپیش مشکلات پر قابو پایا جاسکتا ہے، صدر مملکت۔ فوٹو: فائل

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 142 واں یوم پیدائش روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

قائد اعظم محمد علی جناح کے 142ویں یوم پیدائش کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوئی اور خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

قبل ازیں پاکستان ایئرفورس کے کیڈٹس مزار قائد پر فرائض انجام دے رہے تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی میجر جنرل اختر نوازستی نے پاکستان ملٹری اکیڈمی گارڈ کا معائنہ کیا، مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

صدر ممنون حسین نے اپنے پیغام میں بانی پاکستان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج مختلف شعبوں میں درپیش دشواریوں پر قائد کے فرمودات کی روشنی میں قانون اور آئین پر عمل درآمد کے ذریعے ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب اپنے پیغام میں وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے کہاہے کہ قائد اعظم نے عمر بھر ٹھوس دلائل اور جمہوری اصولوں کی بنیاد پر مسلمانان ہند کے مذہبی، سماجی اور اقتصادی حقوق اور تشخص کا مقدمہ لڑا، قائد کے افکار و خیالات کی روشنی میں ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے جدوجہد کریں۔

مقبول خبریں