ٹم ساؤتھی بھی فخر زمان کی صلاحیتوں کے معترف

کیریئرکا شاندار آغاز کیا،اپنے ملک میں ریکارڈ خراب کرنے کی کوشش کرینگے، پیسر


Sports Desk January 06, 2018
اظہر علی، بابر اعظم،محمد حفیظ اور شعیب ملک کی بیٹنگ لائن ویسٹ انڈیز کی طرح انتہائی جارحانہ مزاج کی نہیں، ٹیم ساؤتھی۔ فوٹو؛ فائل

تجربہ کار کیوی پیسر ٹم ساؤتھی بھی فخر زمان کی صلاحیتوں کے معترف ہوگئے۔

چیمپئنز ٹرافی کے ہیرو فخرزمان نے کیریئر کا آغاز ہی آئی سی سی ایونٹ میں کرتے ہوئے دنیا بھر میں اپنی دھاک بٹھائی،اوپنر نے اب تک 44کی اوسط سے 400رنز جوڑے ہیں،اس حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ٹم ساؤتھی نے کہا کہ فخرزمان ایک شاندار کھلاڑی نظر آتے ہیں، وہ بولرز پر حاوی ہونا پسند کرتے ہیں،جارحانہ مزاج کی وجہ سے ان کی بیٹنگ دیکھنا ایک دلچسپ تجربہ ہوتا ہے تاہم اوپنر نے کیریئر کا اچھا آغاز کرتے ہوئے چند بہترین اننگز کھیلی ہیں لیکن کبھی نیوزی لینڈ کا دورہ نہیں کیا۔

ٹم ساؤتھی نے کہا کہ اس بار ان کیلیے قطعی مختلف چیلنج ہوگا،ہم ہوم کنڈیشنز میںان کا ریکارڈ خراب کرنے کی کوشش کرینگے تاہم مہمان بولرز بھی تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

تجربہ کار کیوی پیسر نے کہا کہ پاکستانی بولنگ لائن اپ کئی ہتھیاروں سے مزین ہے،حسن علی اور دیگر بولرزانگلینڈ سمیت مختلف کنڈیشنز میں تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔

ٹیم ساؤتھی نے اظہر علی، بابر اعظم،محمد حفیظ اور شعیب ملک کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ لائن ویسٹ انڈیز کی طرح انتہائی جارحانہ مزاج کی تو نہیں لیکن کئی بیٹسمین لمبی اننگز کھیلتے ہوئے حریف بولرز کی کمزوریوں کا بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں،اظہر علی اور بابر اعظم بظاہر بڑے ناموں میں شمار نہیں کیے جاتے لیکن اچھے ریکارڈ کا اعتماد لیے میدان میں اتریں گے۔

کیوی پیسر نے کہاکہ کیویزکو ہوم کنڈیشنز کا فائدہ ضرور حاصل لیکن چیمپئنز ٹرافی کی فاتح سے پُراعتماد اور متوازن اسکواڈ کیخلاف فتوحات کے لیے بولرزکو خصوصی پلان لے کرمیدان میں اترنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں