پاسپورٹ کے حصول میں مشکلات چیف جسٹس نوٹس لیں تاجر

6 تا 10 ماہ کی تاریخ دی جاتی ہے، صورتحال کا فائدہ اٹھا کر ہزاروں روپے رشوت لی جا رہی ہے۔


Business Reporter March 27, 2013
بیرون ملک نہیں جاسکتے، تجارتی معاہدے کھٹائی میں پڑگئے، وائس چیئرمین سندھ تاجر اتحاد۔ فوٹو: فائل

سندھ تاجر اتحاد کے وائس چیئرمین اور کراچی تاجر ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد کاشف صابرانی نے کہا ہے کہ کراچی میں پاسپورٹ کے حصول میں مشکلات کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے متعلقہ عملے اور ایجنٹس نے رشوت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

فی پاسپورٹ 5 سے 10 ہزار روپے رشوت طلب کی جارہی ہے جبکہ عام شخص کو پاسپورٹ کے حصول کے لیے 6 سے 10 ماہ تک کی تاریخیں دی جارہی ہیں، پاکستان میں رہنے والوں کو اپنے ملک کے پاسپورٹ کے حصول میں مشکلات سابقہ اور موجودہ نگراں حکومتوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن کے دفتر میں مختلف وفود اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر محمد سلمان صابرانی، عبدالطیف سانگھانی، معیز عطر والا، محمد عرفان ولی محمد، فیاض ابوبکر ٹائی فون اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

محمد کاشف صابرانی نے کہا کہ کراچی سے بیرون ملک جانے والے تاجروں اور حج و عمرہ پر جانے والے زائرین کو پاسپورٹ کے حصول میں مشکلات کے باعث جہاں اربوں ڈالر کے تجارتی معاہدے کھٹائی میں پڑ گئے ہیں وہاں مکہ اور مدینہ کی زیارت کے لیے جانے والے بھی شدید ذہنی اذیت سے دوچار ہیں۔

5

انہوں نے کہا کہ سیکڑوں چھوٹے تاجر جو دبئی، متحدہ عرب امارات، سنگاپور، چین، بنکاک اور دیگر ممالک سے تجارت کررہے ہیں صرف اس بنا پر وہ ان ممالک کا دورہ نہیں کر پا رہے کہ ان کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہوگئی ہے اور انہوں نے اپنے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے پاسپورٹ جمع کرائے ہیں، اس کے برعکس پاسپورٹ آفس کے اندر اور باہر موجود بیوروکریسی کے ایجنٹس عوام سے فی پاسپورٹ 5 سے 10 ہزار روپے رشوت کے عوض انہیں 10 سے 12 روز میں پاسپورٹ بنوانے کی آفر کرتے نظر آرہے ہیں اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ شاید پاسپورٹ آفس کی بیوروکریسی نے اس کو کاروبار بنا لیا ہے۔

انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری، نومنتخب نگراں وزیراعظم میر ہزارخان کھوسو، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک بھر بالخصوص کراچی میں پاسپورٹ کے حصول میں درپیش مشکلات کا فوری نوٹس لیں اور حج و عمرہ اور کاروبار کے لیے پاسپورٹ حاصل کرنے والوں کے لیے فوری طور پر اقدامات کریں۔

مقبول خبریں