ٹوئنٹی 20 کپ یو اے ای نے اومان کو7وکٹ سے قابو کر لیا

بحرین کی ٹیم کویت کے ہاتھوں 3وکٹ کی شکست کا شکار، حشام کی4 وکٹیں.


Sports Desk March 28, 2013
بحرین کی ٹیم کویت کے ہاتھوں 3وکٹ کی شکست کا شکار،حشام کی4وکٹیں. فائل فوٹو

ایشین کرکٹ کونسل ٹوئنٹی20 کپ میں متحدہ عرب امارات نے اومان کو7وکٹ سے قابو کر لیا، بحرین کیخلاف کویت کے حشام مرزا4وکٹیں لے اڑے۔

تفصیلات کے مطابق اومان کیخلاف یواے ای نے 83 رنز کا آسان ہدف 12.3اوورز میں3 وکٹ پر حاصل کرلیا، اوپنر بختیار حامد28، عبدالشکور22 اور امجدعلی20رنز بناکر میدان بدر ہوئے، اس سے قبل ناکام سائیڈ اومان 18.1 اوورز میں 82 رنز پر ڈھیر ہوئی،ویابھو ویتاگوناکر نے40رنز ناٹ آؤٹ بنائے، روہان مصطفیٰ نے3 اور فیاض احمد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بحرین کی ٹیم کویت کے ہاتھوں 3وکٹ کی شکست کا شکار ہوئی،ناکام سائیڈ 18.4 اوورز میں132رنز بناسکی، اناسم خان27 اور قمرسعید22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، حشام مرزا نے 4 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے، کویت نے ہدف 5 بالز قبل7وکٹ پر حاصل کرلیا،سعد خالد43رنز اسکورکر کے پویلین لوٹے، سبطین رضا33 پر ناٹ آؤٹ رہے۔



دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے65رنز کی شراکت نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا،مالدیپ نے سنگاپورکو5وکٹ سے مات دی، سنگاپور نے 9وکٹ پر 132رنز جوڑے،شیٹج شندے 33رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، عبداللہ شاہد، محمد سیفی اور ایشان جیاکوڈے نے2،2وکٹیں لیں، مالدیپ نے 16.4 اوورز میں5وکٹ پر ہدف تک رسائی حاصل کرلی۔

رشوان نے48رنز بنانے کیلیے29 گیندوں کا سامنا کیا، ابھیراج سنگھ نے2 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا۔نیپال کیخلاف ہانگ کانگ نے6وکٹ سے کامیابی سمیٹی، نیپالی سائیڈ 9وکٹ پر 115رنز اسکور بورڈ پر ترتیب دے پائی، جیانندرا مالا نے38 کی اننگز کھیلی، ندیم احمد نے 3 جبکہ اعجاز خان اور تنویر افضال نے2،2 پلیئرز کو قابو کیا، ہانگ کانگ نے16.3 اوورز میں4 وکٹ پر116رنز بنالیے،نزاکت خان42 رنز ناٹ آؤٹ بناکر ٹاپ اسکورر بنے، وقاص برکت39 اور عرفان احمد30رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے، بسنتا ریگمی نے3وکٹیں اپنے نام کیں۔

مقبول خبریں