پاکستان سپر لیگ ٹرافی کی تقریبِ رونمائی آج ہو گی

دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی ٹرافی اٹھا کر تقریب میں پہنچائیں گے۔


Sports Desk February 20, 2018
ٹرافی کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں لایا جائے گا۔ فوٹو : فائل

لاہور:



پی ایس ایل تھری ٹرافی کی تقریب رونمائی آج ہو گی جب کہ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب رونمائی میں تمام 6فرنچائزز کے کپتان اور مینجمنٹ کے ارکان شریک ہونگے۔

پی ایس ایل تھری کیلیے چمکتی ٹرافی کی تقریب رونمائی آج سہ پہر ڈھائی بجے دبئی میں ہو گی، میڈیا کو نصف گھنٹے قبل وینیو پر پہنچنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہیلی کاپٹر کے ذریعے دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں لائی جانے والی ٹرافی کے استقبال کیلیے تیسرے ایڈیشن میں شامل تمام ٹیموں کے کپتان ڈیرن سیمی (پشاور زلمی)، سرفراز احمد (کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)، مصباح الحق (اسلام آباد یونائیٹڈ)، شعیب ملک (ملتان سلطانز)، عماد وسیم (کراچی کنگز) اور برینڈن میک کولم (لاہور قلندرز) میدان میں موجود ہونگے۔

دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی ٹرافی کو اٹھا کر تقریب کیلیے سجائے جانے والے اسٹیج تک پہنچائیں گے، اس موقع پر پی سی بی حکام، پی ایس ایل ٹیموں کی مینجمنٹ اور مقامی اسٹاف بھی موجود ہوگا۔

تقریب رونمائی اور فوٹو سیشن کے بعد پریس کانفرنس جس میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور تمام ٹیموں کے کپتان موجود ہوں گے۔واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری کا میلہ 22 فروری سے سجے گا، ابتدائی میچز دبئی اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے، دو پلے آف لاہور جبکہ فیصلہ کن معرکہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہے۔گذشتہ ایڈیشن کا قذافی اسٹیڈیم میں ہی شیڈول کیا جانے والا فائنل جیتنے والی پشاور زلمی ٹیم کو اپنی مہم کا آغاز افتتاحی روز ملتان سلطانز کیخلاف میچ سے کرنا ہے۔

دوسری جانب ٹائٹل جیتنے کا عزم لیے تمام فرنچائزز کے اسکواڈز میں شامل بیشتر کھلاڑی دبئی میں ڈیرے ڈال چکے ہیں،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پریکٹس کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، پشاور زلمی کیخلاف آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے جانے والے میچ میں بھی کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار اور کنڈیشنز سے ہم آہنگی کا موقع ملا۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے پریکٹس سیشن میں نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انھیں ٹائٹل کے دفاع کیلیے ذہنی طور پر تیار کیا،اسلام آباد یونائیٹڈ نے گذشتہ روز ملتان سطانز کیخلاف اپنے ممکنہ کمبی نیشن کی آزمائش کے موقع سے فائدہ اٹھایا،پی ایس ایل تھری کیلیے ملتان سلطانز کو جوائن کرنے والے سنگاکارابھی دبئی پہنچ چکے ہیں، وہ گذشتہ روز اسلام آباد کیخلاف وارم اپ میچ میں شریک ہوئے۔

کراچی کنگز کے ڈیوڈ ویز اور لاہور قلندرز کے سنیل نارائن کی بھی آمد ہوچکی،دونوں نے نیٹ سیشن میں حصہ لیا،نپی تلی بولنگ کے ساتھ جارحانہ بیٹنگ کیلیے بھی مشہور کیریبیئن اسٹار سے لاہور قلندرز کی بڑی امیدیں وابستہ ہیں،نئی فرنچائز ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر وسیم اکرم،کوچ ٹام موڈی،کپتان شعیب ملک اور منیجر سمیت تھنک ٹینک نے ایونٹ میں پہلی ہی شرکت کو یادگار بنانے کیلیے پلاننگ اور ٹیم کے ممکنہ کمبی نیشن پر بات چیت کی،مختلف ٹیموں میں شامل اسٹار کرکٹرز شائقین کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

علاوہ ازیں چند غیرملکی پلیئرز کی آمد منگل کو بھی متوقع ہے،ٹیمیں اپنی ٹریننگ کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گی۔


مقبول خبریں