ویسٹ انڈیز سے سیریز شائقین کا جوش وجذبہ سرد پڑنے لگا

آن لائن ٹکٹوں کی فروخت سست روی کا شکار، اسٹار پلیئرز کے نہ آنے کا خدشہ۔


Sports Desk March 29, 2018
نیشنل اسٹیڈیم اور اطراف میں پی ایس ایل فائنل جیسا ماحول بھی نظر نہیں آ رہا۔ فوٹو: اے ایف پی

ویسٹ انڈیز سے سیریز کیلیے شائقین کا جوش وجذبہ سرد پڑنے لگا جب کہ آن لائن ٹکٹوں کی فروخت سست روی کا شکار ہے۔

ویسٹ انڈیز سے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں زیادہ دن باقی نہیں،اس کے باوجود شائقین میں پی ایس ایل فائنل جیسی گرمجوشی نظر نہیں آرہی،پہلا میچ یکم اپریل کو کھیلا جانا ہے۔

گزشتہ رات 8بجے تک انتخاب عالم انکلوژر کے 500والے تمام ٹکٹ فروخت ہوئے تھے،اس مالیت کے محمد برادرز اور وسیم باری انکلوژرز کے ٹکٹ دستیاب تھے،اسی طرح ایک ہزار روپے والے ماجد خان اور آصف اقبال انکلوژرز کے ٹکٹ بھی باقی تھے،قائد اعظم، عمران خان، ظہیر عباس اور وسیم اکرم انکلوژرز کے2000مالیت کے ٹکٹ بھی خریداروں کے منتظر تھے۔

اسی طرح حنیف محمد، فضل محمود، جاوید میانداد، اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز کے 5000روپے والے ٹکٹ بھی دستیاب تھے،کوریئر کمپنی کی برانچز پر ٹکٹیں خریدنے کیلیے شائقین 8بجے سے پہلے ہی پہنچے لیکن ایک گھنٹہ بعد فروخت کا سلسلہ شروع ہوا، ان میں سے زیادہ تر کی خواہش تھی کہ 500والا ٹکٹ مل جائے۔

نیشنل اسٹیڈیم اور اطراف میں بھی پی ایس ایل فائنل جیسا ماحول نظر نہیں آرہا، اس کی ایک وجہ لوگوں کے ذہنوں میں یہ خدشات بھی ہیں کہ ویسٹ انڈیز کے اسٹار کرکٹرز ایکشن میں نظر نہیں آئیں گے تاہم گزشتہ رات تک مہمان اسکواڈ کا اعلان نہ کیے جانے کی وجہ سے بھی شائقین کا جوش وجذبہ ماند رہا۔

مقبول خبریں