ٹی وی اور اسٹیج کی معروف اداکارہ مدیحہ گوہر انتقال کرگئیں

ویب ڈیسک  بدھ 25 اپريل 2018
مدیحہ گوہر کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھیں؛ فوٹوفائل

مدیحہ گوہر کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا تھیں؛ فوٹوفائل

لاہور: ٹی وی اور اسٹیج کی معروف اداکارہ مدیحہ گوہر کینسر کے باعث انتقال کرگئیں، مرحومہ کی نماز جنازہ کل لاہور میں ادا کی جائے گی۔

پاکستان ٹی وی اور اسٹیج کی معروف اداکارہ مدیحہ گوہر لاہور میں 62 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ مدیحہ کینسر میں مبتلا تھیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ کل لاہور میں ادا کی جائے گی۔

مدیحہ گوہر 1956 میں کراچی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے 1983 میں خواتین کے حقوق کیلئے ’’اجوکا‘‘ تنظیم بنائی جو ایشیا اور یورپ میں خاصی فعال ہے۔ مدیحہ گوہر معروف ڈرامہ نویس، ڈائریکٹر اور رائٹر شاہد محمود ندیم کی اہلیہ تھیں۔ وہ گزشتہ تین سال سے خطرناک کینسر کے خلاف جنگ لڑ رہی تھیں تاہم بدھ کی صبح وہ زندگی کی بازی ہار گئیں۔

مدیحہ گوہر نامور اداکارہ سویرا ندیم کی والدہ اور اداکارہ فریال گوہر کی بڑی بہن تھیں۔ مدیحہ گوہر کو ان کی فنی خدمات پر فاطمہ جناح ایوارڈ سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازاجاچکا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو  اور شریک چیئرمین پی پی آصف زرداری  نے اداکارہ مدیحہ گوہر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتےہوئے ان کے شوہر شاہد ندیم سے اظہار تعزیت کیا اور ان کی مغفرت کیلئے دعا کی۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ مدیحہ گوہر نے تھیٹرکے ذریعے سماجی ناانصافیوں کو بے نقاب کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔