بھارتی اداکارہ ممتا کلکرنی مفرور قرار جائیداد ضبط

ممتا کلکرنی اور ان کے شوہر پر 2 ہزار کروڑ روپے کی مالیت کی ایفی ڈرین کینیا اسمگل کرنے کا الزام ہے


ویب ڈیسک April 28, 2018
ممبئی میں ممتا کلکرنی کے 3 فلیٹس کی مالیت 20 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے فوٹو: فائل

بھارت کی خصوصی عدالت نے منشیات اسمگلنگ کیس میں معروف اداکارہ ممتا کلکرنی اور ان کے شوہر کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارت کی خصوصی عدالت میں ماضی کی بے باک اداکارہ ممتا کلکرنی کے خلاف 2016 میں درج ہونے والے منشیات اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ اداکارہ اور ان کے شوہر پر 2 ہزار کروڑ روپے کی مالیت کی ایفی ڈرین کینیا اسمگل کرنے کا الزام تھا۔ عدالت نے اداکارہ اور ان کے شوہر وکرم گوسوامی کو مفرور قرار دیتے ہوئے جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا۔

خصوصی عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں ممبئی کے پوش علاقے میں واقع اداکارہ کے تین فلیٹس ضبط کرنے کا حکم دیا ہے جن کی مالیت 20 کروڑ بھارتی روپے بتائی جاتی ہے۔ قبل ازیں پولیس نے اس کیس میں رقم کی منتقلی سے متعلق ممتا کلکرنی کے بینک ٹرانزیکشن اور بینک کے درمیان ہونے والی ای میل گفتگو کا ریکارڈ بھی پیش کیا تھا۔ اس کیس میں اداکارہ اور ان کے شوہر کے علاوہ 14 دیگر ملزمان نامزد تھے۔

پولیس کے مطابق ڈرگ مافیا کے کارندہ ' جے مکھی' نے پولیس کو اہم معلومات اور ثبوت فراہم کیے جس کے تحت بھارت میں اداکارہ کے شوہر کے ساتھیوں نے ایفی ڈرین کی بھاری مقدار کینیا بھیجی تھی جسے اداکارہ کے شوہر وکرم گوسوامی نے وصول کیا جب کہ رقم اداکارہ کے اکاؤنٹ میں بھیجی گئی تھی جس کے بعد عدالت نے گزشتہ برس اداکارہ اور اس کے شوہر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے تاہم دونوں عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

ماضی کی بے باک اداکارہ 46 سالہ ممتا کلکرنی نے ڈرگ اسمگلنگ سے متعلق تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اس الزام کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیا ہے۔ ممتا کلکرنی نے کبھی تم کبھی ہم، چھپا رستم، کرانتی ویر اور کرن ارجن جیسی کامیاب فلموں میں ہیروئن کا کردار ادا کیا تاہم منشیات کی لت میں پڑنے کے باعث 1992 کے بعد سے کسی فلم میں نظر نہیں آئیں۔ ممتا کلکرنی کی شادی 2013 میں وکرم گوسوامی سے ہوئی۔ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ نیروبی میں قیام پذیر ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں