ایشین اسنوکر آصف اور بابر شکست کا شکار

دوسرے فریم میں صالح نے 63-38 سے فتحیاب ہوکر حساب برابر کرلیا۔


Sports Desk May 08, 2018
دوسرے فریم میں صالح نے 63-38 سے فتحیاب ہوکر حساب برابر کرلیا۔ فوٹو: فائل

چوتھی ایشین اسنوکر چیمپئن شپ کے دوسرے دن پاکستانی پلیئرز محمد آصف اور بابر مسیح کو شکستوں کا سامنا کرنا پڑگیا جب کہ صالح محمد اور میزبانی ایرانی کیوئسٹ عامر سرکوش نے فتوحات کو گلے لگالیا۔

ایرانی شہر تبریز سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چوتھی ایشین اسنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی پلیئرز محمد آصف کو افغانستان کی نمائندگی کرنے والے سابق ملکی پلیئر صالح محمد نے 4-2 سے شکست دے دی۔

آصف نے اگرچہ ابتدائی فریم میں 54 کا بریک کھیلتے ہوئے 94-12 سے کامیابی پائی، تاہم دوسرے فریم میں صالح نے 63-38 سے فتحیاب ہوکر حساب برابر کرلیا، تیسرے فریم میں آصف نے 66-60 سے کامیابی کی بدولت برتری 2-1 کرلی لیکن اس کے بعد صالح نے 72-40 سے چوتھا فریم جیت کر واپسی کی اور پھر پانچویں فریم میں 84 کا بریک کھیل کر 88-08 سے کامیابی سمیٹ کر برتری پائی اور چھٹے فریم میں ان کی جیت کا اسکور 58-02 رہا۔دوسرے مقابلے میں ایرانی کیوئسٹ عامر سرکوش کیخلاف بابر مسیح بھی 2-4 سے ناکام ہوگئے۔

بابر نے آغاز تو بہت شاندار انداز میں کیا لیکن وہ ابتدائی دونوں فریمزجیتنے کے بعد باقی چاروں فریمز میں شکست سے دوچار ہوئے، انھوں نے پہلے دونوں فریمز 101-0(64) اور98-0(98) سے اپنے نام کیے لیکن پھر میزبان حریف عامر نے تیسرے فریم میں انھیں ایک بھی گیند پوٹ نہیں کرنے دی اور77-0 سے کامیابی حاصل کرلی، چوتھے فریم میں ان کی جیت کا اسکور 60-59 رہا، پانچویں میں 59-44 اورچھٹے میں 87-0(87) رہا۔

اس سے قبل اتوار کو منعقدہ ابتدائی مقابلوں میں پاکستان کے محمد بلال نے بھارت سے تعلق رکھنے والے صاحبزادہ عادل خان کو 4-1 سے زیر کیا، میچ کا اسکور 63-35، 65-26، 44-67 ،97-01 ، 91-28 رہا، بابر مسیح نے بھارتی حریف منان چندرا کیخلاف 4-2 سے کامیابی سمیٹی، جس میں ان کا اسکور 53-65، 67-02، 78-44، 36-65، 93-28 اور 68-14 رہا، تیسرے پاکستانی پلیئر محمد ماجد علی نے ایرانی حریف حامد زاردوست کو دلچسپ مقابلے میں 4-3 سے ہرادیا۔

مقبول خبریں