امریکا میں پاکستانی سفارت کاروں کی نقل و حرکت پر پابندی

امریکا نے پاکستانی سفارت کاروں کی نقل و حرکت کو 25 میل تک محدود کردیا


ویب ڈیسک May 11, 2018
جواباً پاکستان نے بھی امریکی سفارت کاروں پر پابندی عائد کردی۔ فوٹو : فائل



امریکا میں پاکستانی سفارت کاروں کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے فیصلے کا اطلاق آج سے ہوگیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے امریکا میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں کی نقل وحرکت کو سفارت خانے سے 25 میل کے فاصلے تک محدود کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا۔ جب کہ 25 میل سے آگے جانے سے قبل پاکستانی سفارت کاروں کو امریکا سے اجازت لینا ہوگی۔ اس فیصلے کا اطلاق آج سے لاگو کردیا گیا ہے۔

امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے سفری پابندی کے لاگو ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے لگائی گئی پابندیاں دو طرفہ تعلقات کے لیے فائدہ مند نہیں ہوں گی اس کے باوجود پاکستانی سفارت کار امریکی حکومت کے فیصلے کا احترام کریں گے۔ تاہم وزارت خارجہ اور پاکستان میں امریکی سفارت خانے کے درمیان ایک مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیا گیا ہے جس سے یہ امید ہے کہ اس مسئلے کے حل میں مدد ملے گی۔


واضح رہے آج پاکستان نے امریکی پابندیوں کے ردعمل میں امریکی سفارت کاروں پر سفری پابندیاں سخت کرتے ہوئے اسلام آباد سے باہر نکلنے سے قبل پیشگی اجازت لینے، رنگین شیشوں کے بجائے سفید شیشوں کے استعمال اور اصلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں پر سفر کو لازمی قرار دے دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں