انٹرنیٹ کے ذریعے بھتہ طلبہ پر خفیہ اداروں سے مدد طلب

بھتے کی کالیں افغانستان اور ایران سے آئی ہیں،پولیس نے تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی بنادی ،آئی جی


Staff Reporter May 12, 2018
فاروق ستار،خواجہ اظہار،مصطفی کمال،آفاق احمد کو تحفظ فراہم کردیا،مال خانہ آتشزدگی کی رپورٹ جمع کرادی۔ فوٹو: فائل

انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے کہا ہے کہ چند اراکین اسمبلی سمیت شہریوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے بھتے کے پیغامات ملے ہیں جس پر پولیس نے خفیہ اداروں سے مدد طلب کی ہے۔

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے مزید بتایا کہ عدالت کی جانب سے ازخود نوٹس لینے کے بعد سندھ حکومت نے ایک تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں حساس اداروں کے نمائندے ، پولیس ، سیکریٹری داخلہ، کمشنرز شامل ہیں اور یہ کمیٹی ڈویڑنل اور صوبائی سطح پر بنائی گئی ہے، پولیس نے کمیٹی کی سفارشات پر سیکیورٹی دی اور واپس بھی لی ہے۔

اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو حقیقی خطرہ ہے اور ریاست کو اسے تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے اس کے علاوہ تھریٹ اسسمنٹ کمیٹی نے اس کی شفارس کی ہے تو اس شخص کو سکیورٹی دی گئی ہے باقی افراد سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

آئی جی سندھ نے بتایا کہ ڈاکٹر فاروق ستار، خواجہ اظہار الحسن ، مصطفی کمال اور آفاق احمد کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی سے بھی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، چند اراکین اسمبلی سمیت شہریوں کو انٹرنیٹ کے ذریعے بھتے کے پیغامات ملے ہیں جس پر پولیس نے حساس اداروں سے مدد طلب کی ہے کال انٹرنیٹ کے ذریعے افغانستان اور ایران سے آئی ہیں تفتیش میں تمام زاویوں کو دیکھا جارہا ہے اور اس مسئلے کو جلد حل کرلیا جائے گا۔

اے ڈی خواجہ نے بتایا کہ سٹی کورٹ مال خانے میں آتشزدگی کی رپورٹس عدالت میں جمع کرادی گئی ہیں ڈی آئی جی ایسٹ اور ڈی آئی جی ساؤتھ کی سربراہی میں2 کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں، ڈی آئی جی ایسٹ کی رپورٹ آگئی تھی کہ آتشزدگی کے باعث کتنی کیس پراپرٹیز کا نقصان ہوا وہ عدالت میں جمع کردی گئی ہے پنجاب فارنسک سائنس لیبارٹری کی رپورٹ بھی آگئی ہے جس میں منفی نوٹ لکھا گیا ہے۔

آئی جی سندھ نے بتایا کہ سٹی کورٹ مال خانے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے اور پولیس نے ان کی ریکارڈنگ حاصل کرلی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مال خانے کو کسی نے باہر سے آگ نہیں لگائی، آئی جی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں عام انتخابات کی طرف جارہی ہیں ان کی تمام سیاسی جماعتوں سے گزازش ہے کہ وہ جتنا نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں گے انتخابات اتنے اچھے ماحول میں ہوںگے۔

اے ڈی خواجہ نے بتایا کہ رمضان المبارک میں سیکیورٹی کے خدشات بڑھ جاتے ہیں اور ماہ صیام کے آخری عشرے میں3 ہزار اہلکاروں کی مزید نفری تربیت مکمل کرکے کراچی پولیس میں شامل ہوجائے گی جس سے کراچی پولیس کی نفری میں اضافہ ہوجائے گا اور امید ہے اس بار کراچی پولیس رمضان المبارک میں سیکیورٹی کے بہتر اقدامات کرے گی۔

آئی جی سندھ نے بتایا کہ پنجاب کی فارنسک سائنس ایجنسی ایک بہت بڑا منصوبہ ہے، پنجاب نے4 سال قبل اسے ماڈل لائنز پر آگے بڑھایا اور اب ان کے پاس جدید سہولتیں موجود ہیں۔ سندھ پولیس کو اس قسم کی سہولتیں میسر نہیں لیکن سندھ پولیس نے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے اور ڈونرز ایجنسیوں کی مدد سے بیلسٹک میچنگ تیار کی ہے جو اسٹیٹ آف آرٹ ہے جو پنجاب کے پاس بھی نہیں ہے۔

اے ڈی خواجہ نے کہا کہ گیس پروموٹوگراف اور دھماکا خیز مواد کی جانچ کے لیے لیب رواں ماہ کے آخر میں کام شروع کردے گی پنجاب پولیس کے پاس جدید اقسام کی فارنسک سہولیات موجود ہیں،اسی طرز پر سندھ حکومت نے بھی فارنسک سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے اس کے لیے ایک پروجیکٹ ڈائریکٹر مقررکردیا گیا ہے اور زمین الاٹ کردی گئی ہے۔

تقریب سے خطاب میں آئی جی سندھ نے کہا کہ کرمنل جسٹس سسٹم شہریوں کے بنیادی حقوق سے منسلک ہے20 سال پہلے محرم ، رمضان اور گرجا گھروں کی سکیورٹی اتنی ضروری نہیں تھی جتنی آج ہے پولیس کے لیے امن و امان قائم رکھنا اور تفتیش کو بہتر بنانا دونوں ہی ضروری ہیں بہتر تفتیش کے معاشرے پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ تفتیش میں جدت لائی جائے تقریب میں ڈی آئی جی ٹریننگ شرجیل کھرل، محمد اکبر نے بھی خطاب کیا تقریب میں سندھ پولیس کے سینئر افسران اور رٹائرڈ افسران نے بھی شرکت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں