جوکووک کی لگاتار 13 ویں برس تیسرے مرحلے میں رسائی

نیشکوری اور گوفن بھی کامیاب، کیوٹوا اور سویٹولینادوسری آزمائش میں بھی سرخرو


Sports Desk May 31, 2018
بارش سے متاثرہ مقابلے میں ہالیپ نے میدان مارلیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

فرنچ اوپن میں جوکووک نے لگاتار 13ویں برس تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی، پیٹرا کیوٹوا اور الینا سویٹولینا نے بھی دوسری مرحلہ عبور کرلیا، سیمونا ہالیپ نے بارش سے متاثرہ فرسٹ راؤنڈ میچ جیت لیا۔

جوکووک لگاتار 13ویں بار فرنچ اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے، انھوں نے دوسرے مرحلے میں اسپینش کوالیفائر جیوم مینور کی پیشقدمی 7-6(7/1)،6-4 اور6-4 سے ختم کردی، 2016 کے رولینڈ گیروس چیمپئن اور سابق ورلڈ نمبرون کو اب پری کوارٹر فائنل میں رسائی کے لیے ایک اور اسپینش حریف روبرٹو بوٹسٹا اگٹ کا چیلنج درپیش ہوگا، 13 سیڈ بوٹسٹا اگٹ نے کولمبین کوالیفائر سانتیاگو گیرالڈو پر 6-4،7-5 اور6-3 سے غلبہ پالیا۔

جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والے 17 سیڈ ٹوماس بریڈیچ بارش سے متاثرہ میچ فرسٹ راؤنڈ میں جیریمی شارڈے سے ہارگئے، فرنچ پلیئر کی جیت کا اسکور 7-6(7/5)،7-6(10/8)،1-6،5-7 اور6-2 رہا، ارجنٹائنی پلیئر مارکو ٹرنگولیٹی کی کہانی دوسرے راؤنڈ میں اطالوی پلیئر مارکو کیچانیٹو کے ہاتھوں تمام کردی، انھوں نے 6-1،7-6(7/1)،6-1 سے فتحیاب ہوکر تیسرے مرحلے میں جگہ بنالی،مینزسنگلز فرسٹ راؤنڈ میں پیری ہیوز ہربرٹ کو پیٹر پولونسکی کو 6-3،4-6،6-2 اور6-2 سے ہرادیا۔

دوسرے مرحلے کے دیگر میچز میں پبلو کارینو بسٹا نے ارجنٹائنی کے فیڈریکو ڈیل بونیز کو 7-6(7/0)،7-6(7/2)،3-6 اور6-4 سے زیر کرلیا، فرنانڈو ورڈاسکو نے گوئیڈو اینڈروزی کو 6-3، 6-2 اور6-2 سے مات دے دی، کائی نیشکوری نے بینوئٹ پائر کو 6-3،2-6،4-6،6-2 اور6-3 سے زیر کیا، ڈیوڈ گوفن نے سی موٹیٹ کو 7-5،6-0 اور6-1 سے قابو کرلیا، لیونارڈو مائر کو جولین بینیٹو نے 6-2، 7-6(4/7)،6-2 اور6-3 سے ٹھکانے لگادیا، ویمنز سنگلز میں ٹاپ سیڈ سیمونا ہالیپ نے ابتدائی معرکہ سر کرلیا۔

بارش کے سبب تاخیر سے شروع ہونیوالے مقابلے میں ورلڈ نمبرون ہالیپ نے امریکی حریف الیسون ریسکی کیخلاف 2-6،6-1 اور6-1 سے فتح کو اپنا مقدر بنالیا، ہالیپ کو ورلڈ نمبرون پوزیشن برقرار رکھنے یا بہتر بنانے کیلیے سیمی فائنلز تک رسائی یقینی بنانا ہوگی۔

سیکنڈ راؤنڈ میں 8 سیڈ پیٹرا کیوٹوا نے اسپینش حریف لارا آروبیرینا کو 6-0،6-4 سے مات دیدی،یوکرین سے تعلق رکھنے والی 4 سیڈ الینا سویٹولینا نے وکٹوریا کومووا کیخلاف اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور6-4 سے کامیابی سمیٹ لی، دو بار کی کوارٹر فائنلسٹ سویٹولینا اب رومانیہ کی ماہیلا بوزرنیسکو کا سامنا کریں گی۔

جاپان کی 21 سیڈ ناؤمی اوساکا نے قازقستانی حریف زرینہ ڈیاس کو 6-4،7-5 سے شکست دیکر پیشقدمی جاری رکھی، جمہوریہ چیک کی کیٹرینا سیناکووا نے یوکرینی حریف کیٹرینا کوزالووا کو 6-7(4/7)،6-4 اور6-4 سے ہرادیا، باربورا اسٹرائیکووا نے ایکٹرینا ماکارووا کو 6-4،6-2 سے مات دے دی، ماہیلا بوزرنیسکو نے سوئیڈش حریف ریبیکا پیٹرسن کو 6-1،6-2 سے قابو کرلیا۔

مقبول خبریں