ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ ندا ڈار نے سری لنکن بیٹنگ تہس نہس کردی

اسپنر نے21رنزکے عوض5شکارکرکے ریکارڈ بنادیا، پاکستان23رنزسے کامیاب


Sports Desk June 07, 2018
اسپنر نے21رنزکے عوض5شکارکرکے ریکارڈ بنادیا، پاکستان23رنزسے کامیاب۔ فوٹو: فائل

ویمنز ٹوئنٹی 20 ایشیا کپ میں ندا ڈار نے سری لنکن بیٹنگ تہس نہس کردی، انہوں نے21رنز کے عوض 5 شکار کرکے ریکارڈ بنا دیا۔

سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، ٹیم نے مقررہ اوورز میں 4وکٹ پر 136رنز جوڑے، اوپنر ناہیدہ خان اور منیبہ علی کا ساتھ مختصر رہا، منبیہ 5رنز بناکر پویلین واپس ہوگئیں، ناہیدہ اور کپتان بسمہ معروف نے دوسری وکٹ کیلیے 50رنز کی شراکت سے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔

ناہیدہ 38رنز بنانے کے بعد میدان بدر ہوئیں، بسمہ نے جویریہ کی مدد سے ٹیم کا انفرادی اسکور تہرے ہندسوں تک پہنچایا، بسمہ 41 گیندوں پر 60 رنز ناٹ آئوٹ بناکر نمایاں رہیں، جویریہ خان 13 اور ندا ڈار3 رنز بنا سکیں، نین عابدی 7 پر ناٹ آئوٹ رہیں، سوگندھیکا کماری نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم کا آغاز متاثر کن رہا، ندا ڈار نے تین بالز کے دوران دونوں اوپنرز کو ٹھکانے لگا دیا، یسودا مینڈس 25 اور نیپونی ہانسیکا 24 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، ٹیم 9و کٹ پر 113رنز تک محدود رہی، اسے اختتامی2 اوورز میں 34 رنز درکار تھے لیکن صرف 10ہی بن پائے، ندا نے 18ویں اوور میں بھی2 حریف پلیئرز کو پویلین چلتا کیا۔

آف اسپنر نے 21رنز کے عوض 5 شکارکیے، یہ ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل میں کسی بھی پاکستانی بولر کی بہترین پرفارمنس ریکارڈ ہوئی۔

دیگر میچز میں بنگلادیش نے بھارت کو 7 وکٹ سے زیر کرلیا، یہ بلو شرٹس کیخلاف بنگال ٹائیگرز کی پہلی فتح تھی،فرغانہ حق 52 اور رومانہ احمد 42 رنز ناٹ آئوٹ بناکر نمایاں رہیں، لواسکورنگ مقابلے میں تھائی لینڈ نے ملائیشیا کو9 وکٹ سے مات دے دی، یہ ایشین کپ میں تھائی لینڈ کی پہلی کامیابی ہے، ناکام سائیڈ نے 8 وکٹ پر36 رنز بنائے، فاتح الیون نے ایک وکٹ پر ہدف پالیا۔

مقبول خبریں