شوال کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر 16 جون بروز ہفتہ ہوگی

ویب ڈیسک  جمعرات 14 جون 2018
ملک بھر سے شوال کے چاند کی کوئی بھی شہادت موصول نہیں ہوئی، مفتی منیب الرحمان

ملک بھر سے شوال کے چاند کی کوئی بھی شہادت موصول نہیں ہوئی، مفتی منیب الرحمان

 کراچی: پاکستان بھر سے شوال کے چاند کی ایک بھی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد عیدالفطر 16 جون بروز ہفتہ ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں چیرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت ہوا اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں ہوئے، اس کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی چاند کی شہادتوں کا انتظار کیا جاتا رہا لیکن ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد عیدالفطر 16 جون بروز ہفتہ ہوگی۔

اس سے قبل رویت ہلال ریسرچ کونسل کی طرف سے پیش گوئی کی گئی تھی کہ 14 جون کو شوال کا چاند دکھائی دینے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں اور رویت ہلال ریسرچ کونسل کی طرف سے 16 جون کوعیدالفطر کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں غروب آفتاب 7 بجکر 23 منٹ پر ہے اور غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 19 گھنٹے 3 منٹ ہوگی، غروب آفتاب کے بعد چاند 39 منٹ تک افق پر رہے گا، سب سے زیادہ چاند دیکھنے کا وقت کراچی اور ساحلی پٹی جیوانی اور پسنی میں ہوگا تاہم چاند نظر آنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔

سعودی عرب میں آج عید منائی جائے گی

عرب ٹی وی کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عدالتی کونسل کے اجلاسز منعقد ہوئے۔

شہادتیں موصول ہونے کے بعد عدالتی کونسل کے ممبران نے چاند نظر آنے کا اعلان کردیا جس کے بعد آج بروز جمعتہ المبارک کو یکم شوال المکرم ہوگی اور عرب ممالک میں عید الفطر منائی جائے گی۔

بھارت میں ہفتے کو عیدالفطرمنائی جائے گی

دوسری جانب بھارت میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں بھی عیدالفطر 16 جون بروز ہفتہ منائی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔