ٹی 20 لیگ افغانستان آئی سی سی کی منظوری کا منتظر

اکتوبر میں شیڈول مقابلوں میں 80افغان،20غیر ملکی کرکٹرز شریک ہوں گے


Sports Desk June 28, 2018
کونسل کی جانب سے منظوری ملنے پر ایونٹ کا انعقاد اکتوبر میں ہوگا فوٹوفائل

افغانستان کرکٹ بورڈ ٹی ٹوئنٹی لیگ کیلیے آئی سی سی کی منظوری کا منتظر ہے۔

امارات کے پی سی بی سے معاملات طے پانے سے ایونٹ پر چھائے غیر یقینی کے بادل چھٹ گئے،اکتوبر میں شیڈول مقابلوں میں 80 افغان، 20غیر ملکی کرکٹرز شریک ہوںگے۔ 2010میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں انٹرنیشنل ڈیبیو کے بعد افغان ٹیم 50 اوورز کے ورلڈ کپ 2015 میں شرکت کا اعزاز بھی حاصل کرچکی، رواں برس اس نے ایک قدم مزید بڑھتے ہوئے رواں ماہ کے آغاز میں پہلا ٹیسٹ بھی کھیل لیا،افغانستان کی جانب سے یواے ای میں ٹی ٹوئنٹی لیگ کرانے کا منصوبہ گذشتہ سال ہی شروع ہوا تھا۔

البتہ شیڈول پاکستانی میچز کے ساتھ متصادم ہونے کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال موجود تھی،حال ہی میں اس حوالے پی سی بی اور اماراتی بورڈ کے کامیاب مذاکرات میں معاملات منگل کو طے پا چکے،اس ضمن میں ہونے والی پیش رفت پر مسرور افغان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کردی کہ میزبان بورڈ نے یواے ای میں ٹی ٹوئنٹی لیگ کے انعقاد کی حمایت کرتے ہوئے آئی سی سی کو خط لکھ دیا ہے۔

کونسل کی جانب سے منظوری ملنے پر ایونٹ کا انعقاد اکتوبر میں ہوگا،اے سی بی کی طرف سے مزید بتایا گیاکہ مقابلوں میں 80 افغان، 20 غیر ملکی کرکٹرز شریک ہونگے۔یاد رہے کہ گذشتہ سال کابل میں جاری ٹی ٹوئنٹی لیگ کے دوران سٹیڈیم کے باہر دھماکہ ہوگیا تھا،ایونٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت یقینی بنانے کیلیے یواے ای کو نیا مسکن بنانے کے پلان پر کام شروع ہوا تھا جو رواں سال مکمل ہوجائے گا۔

مقبول خبریں