سرکٹ ٹو اسکواش ویمنز ٹرافی کے لیے 2 بہنیں آمنے سامنے

مدینہ نے صائمہ، فائزہ نے رفعت کو مات دی، مینز ٹائٹل کیلیے فرحان اور طیب مدمقابل


Sports Reporter June 30, 2018
مدینہ نے صائمہ، فائزہ نے رفعت کو مات دی، مینز ٹائٹل کیلیے فرحان اور طیب مدمقابل فوٹو: فائل

ایس این جی پی ایل پاکستان انٹرنیشنل سرکٹ ٹو اسکواش چیمپئن شپ میں ویمنز ٹرافی کیلیے 2 بہنیں آمنے سامنے ہوں گی۔

سوئی ناردرن سے تعلق رکھنے والی مدینہ ظفر نے صائمہ شوکت اور فائزہ ظفر نے رفعت خان کے خلاف کامیابی حاصل کرتے ہوئے فائنل میں قدم رکھے، مینز ٹائٹل کیلیے فرحان محبوب اور طیب اسلم میں جوڑ پڑے گا۔ سیمی فائنلز میں فرحان زمان ریٹائر ہرٹ ہوئے، طیب اسلم نے احسن ایاز کو 3-0 سے ہرایا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بوائز کے پہلے سیمی فائنل میں فرحان زمان کے ریٹائر ہرٹ ہونے پر فرحان محبوب فاتح قرار پائے، کھیل صرف 10 منٹ جاری رہ سکا جس میں فرحان محبوب کا اسکور 11-3 اور 11-0 رہا، دوسرے سیمی فائنل میں طیب اسلم نے دلچسپ مقابلے کے بعد احسن ایاز کو 11-9، 11-6اور 11-7 سے ہراتے ہوئے فائنل کیلیے کوالیفائی کیا۔ گرلز کیٹیگری کے پہلے سیمی فائنل میں مدینہ ظفر نے صائمہ شوکت کو 11-4، 11-5 اور 11-6سے ہرایا جبکہ ان کی بڑی بہن فائزہ ظفر نے رفعت خان کو 3-1 سے ہراتے ہوئے فائنل میں قدم رکھ دیے، میچ کا اسکور 11-7،8-11، 11-6اور 11-5رہا۔

گرلز اور بوائز کیٹیگریز کے فائنل ہفتے کو کھیلے جائیں گے، گرلز ٹائٹل کیلیے مدینہ ظفر کا مقابلہ اپنی بہن فائزہ ظفر سے دوپہر ایک بجے ہوگا، کراچی سے تعلق رکھنے والی دونوں بہنیں ایس این جی پی ایل کی جانب سے کھیلتی ہیں، بوائز کا فائنل طیب اسلم اور فرحان محبوب کے درمیان سہ پہر 4 بجے ہوگا۔ فائنل کے مہمان خصوصی ایم ڈی ایس این جی پی ایل امجد لطیف ہوں گے۔

اس موقع پر اسپورٹس سیل کے صدر سہیل گلزار، سیکریٹری اشرف ندیم، وائس پریذیڈنٹ وسیم احمد، اسپورٹس آفیسر محمد ہارون، منیجر سوئی گیس اسکواش ٹیم فرخ امین، پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر طاہر خانزادہ، پنجاب اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم مختار، سیکریٹری شیراز سلیم اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کی آمد متوقع ہے۔

مقبول خبریں