مجھے خدا اور اس کے انصاف پر مکمل یقین ہے، علی ظفر

ویب ڈیسک  اتوار 8 جولائی 2018
’’طیفا ان ٹربل‘‘ کی کہانی لاہور کی گلیوں اور سڑکوں میں پل کر بڑے ہونےو الے نوجوان کے گرد گھومتی ہے فوٹوفائل

’’طیفا ان ٹربل‘‘ کی کہانی لاہور کی گلیوں اور سڑکوں میں پل کر بڑے ہونےو الے نوجوان کے گرد گھومتی ہے فوٹوفائل

کراچی: پاکستان کے نامور گلوکار واداکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ انہیں خدا پر اوراس کے انصاف پر مکمل یقین ہے۔

پاکستان شوبزانڈسٹری کے ورسٹائل اداکار علی ظفر ان دنوں اپنی پہلی پاکستانی فلم ’’طیفا ان ٹربل‘‘کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں اور زوروشور کے ساتھ فلم کی تشہیر کررہے ہیں۔ فلم میں علی ظفر کے ساتھ اداکارہ مایا  علی مرکزی کردار اداکررہی ہیں مایا کی بھی یہ ڈیبیو فلم ہے۔

حال ہی میں دئیے گئے انٹرویو میں علی ظفر نے فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا میں اور فلم کے ہدایت کار احسن رحیم  کافی عرصے سے فلم بنانے کاسوچ رہے تھے۔ جب میں بالی ووڈ میں کام کررہا تھا اس وقت میں سوچتا تھا کہ جب ہماری انڈسٹری بین الاقوامی معیار کی ہوجائے گی تو ہم ایسی فلم بنائیں گے جسے انٹرنیشنل لیول پر ریلیز کیاجائے۔ ایک سال قبل میرے پاس ’’طیفا ان ٹربل‘’کا اسکرپٹ آیا یہ بالکل کسی مصالحےدارکھانے کی طرح تھا۔ میں نے فوراً اس بارے میں احسن رحیم سے بات کی میں اس فلم کو لے کر بہت زیادہ پرجوش تھا اور ہم نےاس کہانی پر کام کرنا شروع کردیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کترینہ کیف اور مایا علی میں سے کون بہترین اداکارہ؟

’’طیفا ان ٹربل‘‘ کی کہانی لاہور کی گلیوں اور سڑکوں میں پل کر بڑے ہونےو الے نوجوان کے گرد گھومتی ہے۔ علی ظفر نے کہا میں لاہور میں پیدا ہوا، لاہور کے چھوٹے سے محلےمیں پل کر اور لاہور کی گلیوں میں کھیل کربڑاہوا، میں نے تانگے میں بھی سفر کیاہےاور اپنے والدین کے ساتھ رکشے میں بھی سفر کیاہے، میں نےاپنی والدہ کو بس میں بیٹھ کر یونیورسٹی جاتے ہوئے دیکھا ہے، میرا تعلق روایتی پنجابی گھرانے سے ہے۔’’طیفاان ٹربل‘‘میں میرا کردار اسی طرح کا تھا۔ علی ظفر نے اپنے کردار کے متعلق بتاتے ہوئے کہا ’’طیفا‘‘ اندرون شہر کا چیتا ہے جو بائیک پر گھومتا ہے،  بندے بھی اٹھالیتا ہے اور مذاق بھی کرتا ہے، جب کہ اداکارہ مایا علی کا کردار پولینڈ میں رہنے والی لڑکی کا ہے جو اپنی پوری زندگی وہیں گزارتی ہے۔

علی ظفر نے گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے لگائے جانے والے جنسی ہراسانی کے الزام سے متعلق کہا میں صرف ایک بات کہنا چاہتاہوں’’میرا خدا اور اس کے انصاف پر مکمل یقین ہے‘‘۔ مجھے لگتا ہے انصاف ایک دن غالب آتا ہے۔ اس کے علاوہ جس جنون، ارادےاور حوصلے سے یہ فلم بنائی گئی ہے یہ اپنے آپ میں اتنی مضبوط ہے کہ فلم کو ان تمام چیزوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: میشا شفیع کاعلی ظفر پر جنسی ہراسانی کاالزام

علی ظفر نے کہاجب بھی کسی انسان نے مجھے بری طرح چوٹ پہنچائی ہے میں نے دل سے اس کا شکریہ اداکیا ہے کیونکہ اس شخص کی وجہ سے میری تخلیقی صلاحیت بڑھتی ہے اور مجھے بہت سارے آئیڈیا ز آتے ہیں، میرے نزدیک خوشی درد سےآتی ہے۔ کسی عظیم کامیڈین نے کہا ہے’’کامیڈی میں ٹریجڈی لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کردیتی ہے۔‘‘کامیڈی صرف مذاق اور ہنسنے کانام نہیں ہے بلکہ کامیڈی وہ صورتحال ہے جو آپ کو ایک ہی وقت میں رونے اور ہنسنے پر مجبور کردیتی ہے۔

علی ظفر نے مزید کہا جب خدا آپ کو اونچائیوں پر لے جاتا ہے تو وہاں آپ کوبہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہےآپ کے راستے میں ہر طرح کے لوگ آتے اور جاتے ہیں، کامیابی حاصل کرنا آسان نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ فلم’’طیفا ان ٹربل‘‘میں  علی ظفراور مایا علی کے علاوہ اداکار جاوید شیخ، فیصل قریشی اور محمود اسلم اہم کردار نبھارہے ہیں فلم رواں ماہ 20 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔