ماضی کے برعکس کراچی میں انتخابی مہم بے رونق رہی

امیدواروں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 11مئی کو بلا خوف و خطر گھروں سے نکلیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔


Staff Reporter May 10, 2013
کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد امن وامان کی مخدوش صورتحال کے سبب سیاسی و مذہبی جماعتیں بھرپور انداز میں اپنی انتخابی مہم نہیں چلاسکیں. فوٹو: فائل

ماضی کی روایتوں کے بر عکس کراچی میں پھیکی پھیکی اور سونی سونی انتخابی مہم جمعرات کی شب 12بجے اختتام پذیر ہوگئی۔

دہشت گردی کے واقعات کے باعث انتخابی مہم بے رونق رہی، الیکشن کمیشن کے احکام کے مطابق جمعرات کو انتخابی سرگرمیوں کا آخری روز تھا ، اب کوئی امیدوار انتخابی مہم نہیں چلاسکتا ہے ، مہم کے آخری روز شہر میں انتخابی سرگرمیاں جاری رہیں، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے امیدواروں اور آزاد امیدواروں نے کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا، شاہراہوں اور مقامات پر جھنڈے،عمارتوں اور سائن بورڈز پر انتخابی مہم کے حوالے سے پینا فلیکس سیکڑوں کی تعداد میں آویزاں کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں جمعرات کو انتخابی مہم کے آخری روز تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اورآزاد امیدواروں نے اپنے حلقوں میں بھرپور طریقے سے انتخابی مہم جاری رکھی ،شہر میں متحدہ قومی موومنٹ ،جماعت اسلامی ، پیپلزپارٹی،مسلم لیگ ن، تحریک انصاف ،مسلم لیگ (فنکشنل) جمعیت علمائے اسلام (ف)، جمعیت علمائے پاکستان ، پاکستان سنی تحریک ،عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے امیدواروں نے کارنرمیٹنگز کیں، امیدواروں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 11مئی کو بلا خوف و خطر گھروں سے نکلیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔



انتخابی مہم کے آخری روز سیاسی جماعتوں کے کارکنان نے گھر گھر جاکر پولنگ کارڈز تقسیم کیے، پولنگ کارڈز میں ووٹرز کو انتخابی فہرستوں میں ان کے ووٹ کا سیریل نمبر اور پولنگ اسٹیشن کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ہے، انتخابی مہم کے آخری روز مختلف علاقوں میں گہماگہمی دیکھنے میں آئی ، سیاسی جماعتوں کے امیدواروں نے ریلیاں نکالیں جبکہ کئی علاقوں میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے امیدواروں کی جانب سے گاڑیوں پر ساؤنڈ سسٹم لگا کرعوام سے ووٹ دینے کی اپیل کی گئی۔

نوجوانوں نے سیاسی گیتوں پر بھنگڑے ڈالے، ان گاڑیوں پر سیاسی جماعتوں نے جھنڈے ، انتخابی نشان اور قائدین کی تصاویر لگائی ہوئی تھیں، یہ گاڑیاں مختلف علاقوں میں گھومتی رہیں، انتخابی مہم کے دوران امیدواروں کی جانب سے ووٹرز کو ان کے موبائل فونز پر بڑی تعداد میں ایس ایم ایس بھیجے گئے جس میں عوام سے ووٹ دینے کی اپیل کی گئی جبکہ کیبل ٹی وی اور سوشل میڈیا پر بھی امیدواروں نے انتخابی مہم جاری رکھی۔

رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں امیدواروں کے الیکشن دفاتر پرگہما گہمی دیکھنے میں آئی، واضح رہے کہ کراچی میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد امن وامان کی مخدوش صورتحال کے سبب سیاسی و مذہبی جماعتیں بھرپور انداز میں اپنی انتخابی مہم نہیں چلاسکیں اور امیدواروں کو اپنے حلقوں میں بھرپور انداز میں انتخابی سرگرمیوں کیلیے سیکیورٹی خدشات کا سامنا کرنا پڑا ۔

مقبول خبریں