’’اداکار‘‘ کیوں کہا نیمار نے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لے لیا

ایکٹنگ نہیں کی تھی، چوٹ پر چوٹ لگنے کی تکلیف سے فوراً نہیں اٹھ سکا تھا، فٹبالر


Sports Desk July 31, 2018
ایکٹنگ نہیں کی تھی، چوٹ پر چوٹ لگنے کی تکلیف سے فوراً نہیں اٹھ سکا تھا، فٹبالر۔ فوٹو : فائل

برازیلین سپر اسٹار فٹبالر نیمار نے ناقدین کیخلاف سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں اپنے اوپر لگائے جانے والے اس الزام کو مسترد کردیا ہے جس میں وہ میچ کے دوران چوٹ لگنے کی جھوٹی ایکٹنگ کرتے ہوئے پائے گئے۔

ناقدین نے نیمار کو ایکٹر اور اس طرز عمل کو بچگانہ قرار دیا، برازیلین کپتان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ میچ کے دوران مخالف پلیئر کی کک میری ریڑھ کی ہڈی پر لگی تھی جس کی تکلیف سے میں گرائونڈ میں لیٹ گیا اور فوری طور اٹھ نہ سکا، یہ ایکٹنگ نہیں بلکہ مجھے حقیقت میں شدید تکلیف ہورہی تھی، اسٹار فٹبالر نے ان خیالات کا اظہار ٹی وی اشتہار کی شوٹنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

نیمار کا کہنا تھا کہ فروری میں پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے کھیلتے ہوئے میں ٹانگ تڑوا بیٹھا تھا اور انجری کے سبب کھیل سے دور ہوگیا تھا، سرجری کے تین ماہ بعد میں نے ورلڈ کپ شروع ہونے سے ذرا قبل ہی کھیل کے میدان کا رخ کیا تھا، میں مکمل طور پر صحتیاب بھی نہیں ہوا تھا لیکن ورلڈکپ میں مجھے دوبارہ چوٹ آنے سے تکلیف کی شدت دگنی ہوگئی تھی۔

برازیلین اسٹار نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ میں بچوں کی طرح ایکٹنگ کرتا ہوں، تو ہاں میں بھی ایک انسان ہوں، میرے اندر بھی ایک بچہ ہے اور میں اب بھی سیکھنے کے مراحل سے گزررہا ہوں، ورلڈ کپ میں ٹیم کی پرفارمنس اتنی اچھی نہیں تھی جس کی وجہ سے میں فرسٹریشن کا شکار تھا، میری کوشش تھی کہ میگا ایونٹ میں ہماری ٹیم ردھم میں آجائے تاکہ ہم ٹرافی کی دوڑ میں شامل رہیں لیکن ایسا نہ ہوسکا، ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں برازیل کے آئوٹ ہونے کے بعد میں نے دیگر میچز میں دلچسپی نہیں لی۔

مقبول خبریں