سی اے اے کے شعبہ تعلقات عامہ میںبدعنوانیوں کا انکشاف

رواں مالی سال میں جرائد اور ڈمی اخبارات کو2کروڑ80لاکھ روپے کے اشتہارات مبینہ کمیشن کے عوض جاری کیے۔


Staff Reporter August 15, 2012
10سال میں 90کروڑ کی ادائیگیاں، تحقیقات کی جائے گی، ڈی جی سی اے اے

سول ایوی ایشن کے تعلقات عامہ کے بجٹ میں بڑے پیمانے مبینہ گھپلے اور بدعنوانیوں کاانکشاف ہوا ہے،شعبہ تعلقات عامہ نے تشہیری مہم کے مختص کردہ بجٹ سے3کروڑ روپے اضافی رقم مانگ لی جس کی ڈائریکٹرجنرل نے منظوری دیدی جبکہ شعبہ تعلقات عامہ اور ٹینڈر نوٹس و اشتہاری مہم کاسالانہ بجٹ 4کروڑ بتایاجاتا ہے۔

رواں مالی سال کی تشہیری مہم کا بجٹ ختم ہونے کے بعدشعبہ تعلقات عامہ سی اے اے نے ڈائریکٹرجنرل کیپٹن ندیم یوسف زئی کو ایک مکتوب لکھا ہے جس میںکہا گیا ہے کہ مختلف اشتہاری کمپنیوںکو2کروڑ34لاکھ کی ادائیگیاںکرنی اورسول ایوی ایشن اتھارٹی کی تشہیری مہم کیلیے 56لاکھ روپے کی اضافی رقم فراہم کی جائے ، ذرائع کے مطابق بعض اعلی حکام نے تقریباً 3کروڑ روپے کی اضافی رقم ڈائریکٹرجنرل سے خاموشی سے منظورکرالی۔

سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر بجٹ کے ایک افسر نے بتایاکہ رواں مالی سال شعبہ تعلقات عامہ نے فرضی ناموں سے شائع ہونے والے بعض جرائد اور ڈمی اخبارات کو2کروڑ80لاکھ روپے کے اشتہارات مبینہ کمیشن کے عوض جاری کیے جن کی ادائیگیاں ادارے کے شعبہ تعلقات عامہ نے کردی ہیں جبکہ سول ایوی ایشن کے شعبہ تعلقات عامہ نے10سال کے دوران مجموعی طورپر 90 کروڑ روپے کی ادائیگیاں من پسند ایڈورٹائزنگ کمپنیوں کو ٹینڈروں کی مد میں کی جا چکی ہیں جس کی نیب میں تحقیقات جاری ہیں۔

دریں اثنا 2 اگست کوسول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر فنانس نے ایک اشتہاری کمپنی کو ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم جاری کرنے پر اپنے تحفظات کا اظہارکیا اور شعبہ تعلقات عامہ کے افسرکو ہدایت دی ہے کہ وہ اخبارات میں تشہیری مہم سے قبل اس بات کو یقینی بنائیں کہ دیے جانے والے ٹینڈر حکومت کی میڈیا پالیسی کے مطابق ہونے چاہیے، ڈائریکٹر فنانس نے مراسلے میں شعبہ تعلقات عامہ کے متعلقہ افسران کواس بات کابھی پابند کیا ہے کہ وہ ہر ماہ کی5تاریخ سے قبل اپنے ماہانہ اخراجات اور جاری کیے جانے والے ٹینڈرنوٹس کی رپورٹ سے ڈائریکٹرفنانس کو آگاہ کیاجائے، امسال بھی شعبہ تعلقات عامہ نے اشتہارات اور تشہیری مہم کیلیے3کروڑکی اضافی رقم منظورکرالی، ڈائریکٹر فنانس نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مقبول خبریں