پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار عارف علوی کی ایم کیوایم کے رہنماؤں سے ملاقات

ویب ڈیسک  منگل 21 اگست 2018
پی ٹی آئی کو پہلےبھی مایوس نہیں کیا آئندہ بھی نہیں کریں گے، خالد مقبول صدیقی فوٹو:فائل

پی ٹی آئی کو پہلےبھی مایوس نہیں کیا آئندہ بھی نہیں کریں گے، خالد مقبول صدیقی فوٹو:فائل

 کراچی: تحریک انصاف کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی نے متحدہ قومی موومنٹ(پاکستان) کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے نامزد کردہ صدارتی امیدوارڈاکٹرعارف علوی  کراچی میں واقع ایم کیوایم کے عارضی مرکز پہنچے جہاں انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔

اس موقع پر فیصل سبزواری سمیت ایم کیو ایم کے دیگر مرکزی رہنما بھی موجود تھے، ملاقات میں صدارتی انتخاب، کراچی کے مسائل  اور دیگر سیاسی و حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی حکومت کو آسانی سے صدارتی الیکشن ہرایا جا سکتا ہے، رانا ثناء اللہ

بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم سے کراچی کے مسائل پر بات ہوئی، ہم کراچی اور دیہی سندھ کو ساتھ ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، ہم نے اپنی بات ایم کیو ایم کے سامنے رکھی ہے اب عوام پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کی جانب دیکھ رہے ہیں۔

ڈاکٹرعارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ ملکی معیشت کے لیے کراچی کے حالات بہتر ہونا ناگزیر ہیں۔

ایم کیوایم کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے درمیان ایک معاہدہ ہوا ہے، ہم اپنے اپنے اصولوں کے ساتھ  محدود رہتے ہوئے تعاون جاری رکھیں گے اب تک جو تعاون قومی اسمبلی میں کیا وہ ہر جگہ جاری رہے گا، پی ٹی آئی کو پہلے بھی مایوس نہیں کیا آئندہ بھی نہیں کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔