بچے کی بازوؤں سے محرومی کے الیکٹرک کے 7 افسران ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

ملزمان کے خلاف غفلت و لاپروائی اورانسانی اعضا کے ضائع ہونے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے، تفتیشی افسر


ویب ڈیسک September 01, 2018
بجلی کا تار گرنے اور کرنٹ کے باعث عمر دونوں بازؤں سے محروم ہوگیا تھا۔ :فوٹو:فائل

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نے غفلت اور لاپرواہی کے الزام میں گرفتار کے الیکٹرک کے 7 افسران کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق گزشتہ روز سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا پولیس نے اسکیم نمبر33 مدراس چوک کے قریب کے الیکٹرک گڈاپ ٹاؤن کے دفتر سے7 ملازمین کو گرفتارکیا تھا جنہیں آج جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

ملزمان میں ڈپٹی منیجرمیٹراینڈ انسٹالیشن کمرشل ایریا سعید احمد ، فورمین محمد مشتاق ،نیو کنکشن سپر وائرز مرزا آصف بیگ، میٹر چیکر آصف آقبال ، بی او ای نیو کنکشن ثاقب حسین، میٹر کلسٹر سید حیدررضا اور اسسٹنٹ انجینئر کلسٹر سید محمد عاصم شامل ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کے الیکٹرک کے 7 ملازمین گرفتار

تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کے خلاف غفلت و لاپروائی اورانسانی اعضا کا ضائع ہونے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے عدالت ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر نےملزمان کا 4 روزہ ریمانڈ منظورکرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بچہ زندگی بھرکے لیے معذورہوگیا

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے احسن آباد میں بجلی کا تار گرنے سے 8 سالہ بچہ عمر کے دونوں بازو بری طرح جھلس گئے تھے اور ڈاکٹروں نے بچے کی جان بچانے کے لیے اس کے دونوں بازو جسم سے علیحدہ کردیے۔ بچے کے والد محمد عارف کی مدعیت میں کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس میں کے الیکٹرک گڈاپ ٹاؤن کی انتظامیہ کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

 

مقبول خبریں