قوم ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے یونس خان

ملک میں ڈیمز کی تعمیر کے ساتھ دیگر تعمیرات بھی ہونی چاہئیں، سابق کپتان


Sports Desk September 11, 2018

سابق قومی کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ قوم ڈیم فنڈ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور کسی قربانی سے دریغ نہ کرے۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پی ٹی آئی کو حکومت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ہاتھ میں اختیارات ہوتے ہیں، عوام کو متحرک کرنے کیلیے حکومت کو خود آگے آنا ہو گا۔ ملک میں ڈیمز کی تعمیر کے ساتھ دیگر تعمیرات بھی ہونی چاہیئں، ہم سب کو اس مقصد کیلیے بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ہمیشہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز کی بات کرتے ہیں، اب ہمیں یہ بھی واضح کرنا ہے دونوں ممالک کے درمیان سیریز کیسی ہونی چاہیے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان انہی ممالک کے عظیم کھلاڑیوں کے ناموں سے باقاعدہ سیریز ہونی چاہیے۔

یونس خان نے مزید کہا کہ پی ایس ایل سے قومی ٹیم کو بہترین کھلاڑی ملے اور کارکردگی میں بہتری آئی، ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلہ کانٹے دار ہو گا، جو ٹیم بہتر کھیلے گی وہی فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہے گی۔

مقبول خبریں