بلڈ پریشر ناپنے کے لیے الٹرا ساؤنڈ کا پیوند تیار

ویب ڈیسک  اتوار 16 ستمبر 2018
یونیورسٹی آف کیلی فورنیا سان ڈیاگو نے بلڈ پریشر ناپنے والا پیوند تیار کرلیا (فوٹو، نیچر بایو میڈیکل انجینئرنگ)

یونیورسٹی آف کیلی فورنیا سان ڈیاگو نے بلڈ پریشر ناپنے والا پیوند تیار کرلیا (فوٹو، نیچر بایو میڈیکل انجینئرنگ)

سان ڈیاگو: بلڈ پریشر ناپنے کا روایتی آلہ بہت بڑا ہوتا ہے جس سے فشارِ خون معلوم کرنے کے لیے خاص مہارت کی ضرورت ہوتی ہے تاہم اب جسم کی کسی بھی موٹی رگ سے پیوست ہوکر بلڈ پریشر ناپنے کا ایک سادہ برقی پیوند (الیکٹرانک پیچ) تیار کرلیا گیا ہے۔

نیچر بایو میڈیکل انجینئرنگ میں شائع رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف کیلی فورنیا سان ڈیاگو کے سائنس دانوں نے ایک لچک دار الٹرا ساؤنڈ پیوند بنایا ہے جس میں ٹونومیٹر نامی آلہ کسی رگ کے اوپر پیوند کی صورت میں لگادیا جاتا ہے۔ اسے سلیکن الاسٹومر شیٹ سے بنایا گیا ہے جس میں الیکٹروڈ اور داب برق (پیزو الیکٹرک)  مٹیریل لگا ہوا ہے۔ لچک دار پیوند کھنچتا اور سکڑتا ہے لیکن اس کے سرکٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچتا۔

یہ چھوٹا سا پیوند جلد کی چار سینٹی میٹر گہرائی میں موجود رگ کو دیکھتے ہوئے بلڈ پریشر نوٹ کرتا ہے۔ اس کا ڈیٹا، پروسیسنگ کے لیے ایک ڈیٹا پروسیسر میں بھیجا جاتا ہے۔

رضا کاروں نے پیوند کو کلائی، گردن اور پیر وغیرہ پر پہن کراس کی آزمائش کی ہے، حیرت انگیز طور پر سکون سے بیٹھے رہتے ہوئے اور ورزش کی صورت میں بھی بلڈ پریشر کی درست ریڈنگ حاصل ہوئی ہیں۔

اس کامیابی کے بعد ماہرین اسی پیوند میں پاور سپلائی، پروسیسر اور وائرلیس رابطہ شامل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ فی الحال یہ بلڈ پریشر ریڈنگز کو ایک دستی آلے کی جانب وائرلیس کے ذریعے بھیجتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔