مالیاتی اداروں کو لینڈ ریکارڈ تک رسائی دینے کا فیصلہ

قیصر شیرازی  اتوار 16 ستمبر 2018
مقصدقرضہ جات کاشفاف اجرایقینی بنانا،عملدرآمد کے لیے بینک افسران کی تربیت شروع۔ فوٹو:فائل

مقصدقرضہ جات کاشفاف اجرایقینی بنانا،عملدرآمد کے لیے بینک افسران کی تربیت شروع۔ فوٹو:فائل

راولپنڈی: پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے تمام مالیاتی اداروں کو لینڈ ریکارڈ تک رسائی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی اور صوبائی مالیاتی اداروں کی مشاورت سے پنجاب بھر میں مالیاتی اداروں میں قرضہ جات کا شفاف اجرا یقینی بنانے کے لیے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے تمام مالیاتی اداروں کو لینڈ (پراپرٹی) ریکارڈ کے ڈیٹا تک براہ راست آن لائن رسائی دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس اقدام کے تحت قرضوں کے حصول کے لیے صارفین کی طرف سے دی گئی درخواستوں میں لف کی گئی ضمانتی پراپرٹیز کا مالیاتی ادارے اپنے دفاتر میں بیٹھے آن لائن کمپیوٹرائزڈ پڑتال کر سکیں گے۔

اس فیصلہ پر عملدرآمد کے لیے بنکوں کے افسران کی لینڈ ریکارڈ کی پڑتال بارے تربیت بھی شروع کر دی گئی ہے، پہلے مرحلہ میں 13 اور 14 ستمبر کو پہلا تربیتی کورس مکمل کر لیا گیا جبکہ دوسرا تربیتی کورس کل پیر 17 اور 18 ستمبر کو ہو گا، اس کورس میں بینک افسران کو کسی بھی پراپرٹی کے حدود اربع، مالیت، پیمائش اور ملکیت جانچنے بارے عملی تربیت دی جا رہی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔